
خلیج اردو
اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس میں قابلِ گرفتاری وارنٹ جاری کر دیے ہیں۔ جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے پولیس کو حکم دیا ہے کہ علی امین گنڈا پور کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔
عدالت نے علی امین گنڈا پور کی جانب سے دائر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کر دی۔ اس موقع پر سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ علی امین گنڈا پور جان بوجھ کر عدالت سے غیر حاضر ہیں، لہٰذا ان کے خلاف کارروائی ضروری ہے۔
عدالت نے کیس کی سماعت آئندہ تاریخ 22 جولائی تک ملتوی کر دی ہے۔ اس کیس میں وزیر اعلیٰ کے خلاف سنجیدہ الزامات زیرِ سماعت ہیں اور عدالت کی جانب سے جاری وارنٹ گرفتاری سے قانونی کارروائی میں مزید شدت آ سکتی ہے۔






