متحدہ عرب امارات

سعودی عرب میں جِنسینگ والی کافی اور ڈارک چاکلیٹ واپس منگوالی گئی، صحت کے خطرات کے باعث صارفین کو فوری استعمال روکنے کی ہدایت

خلیج اردو

سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (SFDA) نے جِنسینگ والی کافی اور ڈارک چاکلیٹ کی تین برانڈز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کی تمام کھیپ مارکیٹ سے واپس منگوالی ہے۔

اتھارٹی نے جمعرات کو جاری کیے گئے انتباہ میں بتایا کہ Parsa Coffee، Parsa Choco اور Bintan SKY برانڈز کی 100 گرام پیکنگ میں دستیاب Coffee with Ginseng اور Dark Chocolate with Ginseng مصنوعات میں ایسا کیمیکل پایا گیا ہے جو صحت کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔

سعودی حکام کے مطابق ان مصنوعات میں Nortadalafil نامی مادہ موجود ہے جو بالخصوص دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد کے لیے صحت کے سنگین خطرات پیدا کرسکتا ہے۔

SFDA نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ اگر ان کے پاس مذکورہ مصنوعات موجود ہیں تو فوری طور پر ان کا استعمال بند کردیں اور انہیں تلف کردیں۔

حکام نے ان مصنوعات درآمد کرنے والی کمپنیوں کے خلاف ضروری قانونی کارروائی بھی شروع کردی ہے۔

سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ مملکت کے فوڈ قانون اور اس کے نافذالعمل ضوابط کی خلاف ورزی پر کمپنیوں کو ایک کروڑ سعودی ریال تک جرمانہ اور 10 سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے یا دونوں سزائیں ایک ساتھ بھی دی جاسکتی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button