
خلیج اردو
دبئی: گرمیوں کے سفری سیزن کے عروج کے ساتھ ہی متحدہ عرب امارات میں رہنے والے شہریوں کو جعلی ٹریول ایجنٹس کے ہاتھوں دھوکہ دہی سے ہوشیار رہنے کی وارننگ دی گئی ہے، جو فی فرد چار ہزار درہم تک وصول کرکے غائب ہو جاتے ہیں۔
دبئی مرینا کے رہائشی فیصل ایم نے بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ نیدرلینڈز، اسپین اور آسٹریا کے سیر سپاٹے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ ان سے ایک ٹریول ایجنٹ نے رابطہ کیا اور ویزا کی یقینی اپائنٹمنٹ کا وعدہ کر کے فی ویزا چار ہزار درہم وصول کیے۔
فیصل نے بتایا کہ "مجھے کال آئی کہ کیا آپ شینگن ویزا لینا چاہتے ہیں؟ میں نے دلچسپی ظاہر کی تو اس نے تفصیلات بتائیں اور میں نے ادائیگی کر دی۔ لیکن اپائنٹمنٹ والے دن وہ مجھے وافی مال کے قریب بلاتا رہا۔ میں پانچ گھنٹے انتظار کرتا رہا مگر وہ نہیں آیا۔”
بعد میں جب فیصل نے بار بار رابطہ کیا تو ایجنٹ بہانے بناتا رہا اور فون اٹھانا بھی بند کر دیا۔ فیصل نے بالآخر اسے مال آف دی ایمیریٹس کے قریب ملاقات پر آمادہ کیا اور سیدھا اسے برشہ پولیس اسٹیشن لے گیا۔ "دو گھنٹے کی بحث کے بعد اس نے مجھے پانچ ہزار درہم واپس کیے۔ اس کے ایمیریٹس آئی ڈی کی تصویر اور رہائش کا پتہ بھی میرے پاس ہے۔”
نرمَل راتھوڑ نامی ایک کاروباری شخصیت، جو ڈیری مصنوعات کے ڈسٹری بیوٹر ہیں، اس دھوکہ دہی سے بال بال بچ گئے۔ وہ نیدرلینڈز میں فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش میں شرکت کا ارادہ رکھتے تھے اور کسی ایجنٹ کو ساڑھے تین ہزار درہم دینے ہی والے تھے۔
راتھوڑ نے کہا، "میرا قابلِ اعتماد ایجنٹ کوشش کے بعد ناکامی پر اپائنٹمنٹ نہ ملنے کی تصدیق کر چکا تھا۔ پھر ایک شخص نے مجھ سے رابطہ کیا اور اپائنٹمنٹ کے عوض اضافی رقم مانگی۔ لیکن میں نے پھر سے اپنے ایجنٹ سے تصدیق کی تو پتہ چلا کہ مارکیٹ میں اسکیم چل رہی ہے۔ میں نے نمائش میں جانا ہی منسوخ کر دیا۔”
ماہرین کا مشورہ: تصدیق شدہ ذرائع سے ہی ویزا اپلائی کریں
وائز فاکس ٹورازم کے سینئر مینیجر سبیر تھیکے پوراتھولاپل نے کہا کہ "شینگن ممالک سب سے زیادہ طلب والے مقامات میں شامل ہیں، اسی لیے اپائنٹمنٹ کا حصول انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔ بعض اوقات بزنس پرسن بھی اضافی رقم دے کر اپائنٹمنٹ لینے کو تیار ہوتے ہیں۔”
انہوں نے زور دیا کہ "ہمیشہ اس بات کی تسلی کریں کہ ایجنسی کے پاس لینڈ لائن نمبر ہو، وہ دبئی میں رجسٹرڈ ہو، ان کی ویب سائٹ فعال ہو، اور کسی غیر مصدقہ فرد کو آن لائن رقم نہ بھیجی جائے۔ اگر ادائیگی ضروری ہو، تو ایجنسی کے دفتر جا کر ہی رقم ادا کریں۔”
ویزا فیسلیٹیشن کمپنی وی ایف ایس گلوبل نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس بار گرمیوں میں بین الاقوامی سفر کی مانگ غیر معمولی رہی ہے جس کی وجہ سے اپائنٹمنٹ کی دستیابی متاثر ہوئی ہے۔ کمپنی نے زور دیا کہ تمام اپائنٹمنٹ ان کے آفیشل پورٹل پر مفت دستیاب ہیں اور کسی بھی تیسرے فرد یا ایجنٹ کو رقم نہ دی جائے۔
وی ایف ایس گلوبل نے اپنے بیان میں کہا، "ہم بارہا درخواست گزاروں کو خبردار کرتے ہیں کہ کسی بھی فریق کی جانب سے اپائنٹمنٹ یا ویزا کی گارنٹی دینے کے عوض فیس طلب کرنے سے ہوشیار رہیں۔ ہم اپنے تمام صارف مراکز پر آگاہی مہم چلا رہے ہیں۔”
یاد رکھیں:
-
ہمیشہ اس بات کی تصدیق کریں کہ ٹریول ایجنسی کے پاس لینڈ لائن ہو
-
ایجنسی دبئی میں رجسٹرڈ ہو
-
فعال ویب سائٹ ہو
-
کسی غیر مصدقہ فرد یا ایجنٹ کو آن لائن رقم نہ بھیجیں
-
اگر ادائیگی کرنا ضروری ہو تو ایجنسی کے دفتر جا کر رقم دیں







