متحدہ عرب امارات

شارجہ پولیس کا خصوصی تربیتی پروگرام، خصوصی افراد کے تحفظ اور حقوق کے لیے اقدامات تیز

خلیج اردو
شارجہ پولیس نے خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ اور ہر طرح کی سکیورٹی صورتحال میں ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے جامع اقدامات کیے ہیں۔ سکیورٹی گارڈز ڈپارٹمنٹ کے سربراہ لیفٹیننٹ کرنل سعید بن حامد القاسمی نے کہا ہے کہ پولیس فورس کی بنیاد احترام، قدردانی اور فوری معاونت پر رکھی گئی ہے تاکہ خصوصی افراد کو اعلیٰ ترین معیار کے ساتھ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے واضح پروٹوکولز مرتب کیے ہیں جن میں سادہ زبان یا اشاروں کی زبان کا استعمال، رکاوٹوں سے پاک اور محفوظ ماحول کی فراہمی، اور تفتیش یا انٹروگیشن کے دوران مترجم یا ساتھی کی موجودگی کو یقینی بنانا شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں کو خصوصی تربیت دی جاتی ہے تاکہ وہ اس طبقے کے ساتھ مؤثر انداز میں رابطہ قائم کر سکیں۔

تربیت میں رابطے کی مہارت، نقل و حرکت میں دشواری رکھنے والوں کے لیے محفوظ انخلا کے طریقے، اور جدید معاون ٹیکنالوجیز کے استعمال جیسے موضوعات شامل ہیں۔ مزید یہ کہ اہلکاروں کو خصوصی افراد کے حقوق سے متعلق مقامی و بین الاقوامی قوانین پر مبنی آگاہی کورسز بھی کرائے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنے فرائض ہمدردی اور قانونی تقاضوں کے مطابق انجام دے سکیں۔

لیفٹیننٹ کرنل القاسمی نے اس بات کا اعتراف کیا کہ مختلف نوعیت کی معذوریوں کی وجہ سے ایک ہی پروٹوکول بنانا ممکن نہیں ہے، اسی لیے پولیس نے کمیونٹی پولیس اور ہیومن رائٹس ڈپارٹمنٹ کے اندر خصوصی یونٹس قائم کیے ہیں جو اس طبقے کو ہدفی خدمات فراہم کرتے ہیں اور دیگر سرکاری اداروں کے ساتھ قریبی تعاون رکھتے ہیں۔

رپورٹس وصول کرنے کے لیے فون، اسمارٹ ایپلی کیشنز اور ویب سائٹس سمیت متعدد ذرائع فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ تربیت یافتہ عملہ اشاروں کی زبان یا متبادل طریقوں سے رابطہ کر سکتا ہے۔ پولیس اسٹیشنز میں خصوصی سہولیات موجود ہیں اور ضرورت پڑنے پر خدمات براہِ راست خصوصی افراد کے مقامات تک پہنچائی جاتی ہیں۔

آئندہ کے منصوبوں میں اسمارٹ سسٹمز کی تیاری، مزید کمیونٹی آگاہی پروگرامز، پولیس اہلکاروں کی تربیت میں اضافہ اور سکیورٹی انفراسٹرکچر کو خصوصی افراد کے لیے مزید سہل بنانا شامل ہے۔

یہ اقدامات متحدہ عرب امارات کے اس وسیع وژن کی عکاسی کرتے ہیں جس کے تحت خصوصی افراد کو معاشرے کا فعال حصہ بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ شارجہ پہلی بار 15 سے 17 ستمبر 2025 تک انکلوزن انٹرنیشنل کی 18ویں ورلڈ کانگریس کی میزبانی کر رہا ہے، جس میں 74 سے زائد ممالک کے 500 سے زیادہ شرکاء شرکت کر رہے ہیں۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button