متحدہ عرب امارات

شارجہ میں رات 12 بجے تک پارکنگ فیس نافذ، رہائشیوں کو پارکنگ کی طویل تلاش سے نجات کی امید

خلیج اردو
شارجہ میونسپلٹی نے یکم جولائی 2026 سے عوامی پارکنگ کے اوقات رات 10 بجے کے بجائے رات 12 بجے تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد مصروف رہائشی اور تجارتی علاقوں میں پارکنگ کی دستیابی بہتر بنانا اور جگہوں کے غلط استعمال کو کم کرنا ہے۔

النہدہ اور المجاز جیسے علاقوں کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ رات 10 بجے کے بعد مفت پارکنگ شروع ہوتے ہی پارکنگ کی جگہیں تیزی سے بھر جاتی تھیں، جس کے باعث مقامی افراد کو اپنی رہائش گاہوں کے قریب گاڑی کھڑی کرنے کیلئے طویل انتظار کرنا پڑتا تھا۔

النہدہ ون کے رہائشی محمد اشرف نے بتایا کہ "کئی راتوں میں مجھے 20 سے 30 منٹ تک پارکنگ کی تلاش میں گاڑی چلانی پڑتی تھی۔ بعض اوقات گاڑی کئی گلیاں دور کھڑی کر کے پیدل گھر جانا پڑتا تھا۔” ان کے مطابق دبئی جانے والے بعض افراد بھی صبح آسان رسائی کیلئے اس علاقے میں گاڑیاں کھڑی کرتے تھے۔

النہدہ ٹو کے رہائشی شناواز رحمان کا کہنا ہے کہ اصل مسئلہ رات 10 بجے پارکنگ مفت ہونے کے بعد شروع ہوتا تھا۔ "جیسے ہی فیس ختم ہوتی، سڑک کنارے تمام جگہیں جلد بھر جاتیں۔ کئی مرتبہ مجھے دوسرے بلاک میں گاڑی کھڑی کر کے تقریباً 10 منٹ پیدل چلنا پڑا۔”

المجاز تھری کے رہائشی احمد نجیب کے مطابق علاقے میں موجود ریستورانوں، کیفے اور ساحلی تفریحی مقامات کی وجہ سے رات گئے تک رش برقرار رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ہفتہ وار تعطیلات میں صورتحال مزید مشکل ہو جاتی ہے اور مہمانوں کو بھی 15 سے 20 منٹ تک پارکنگ تلاش کرنا پڑتی ہے۔”

شارجہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ پارکنگ کے استعمال، طلب اور عوامی آراء پر مبنی جامع جائزے کے بعد کیا گیا۔ حکام کے مطابق امارت میں بڑھتی ہوئی اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کے باعث رات 10 بجے کے بعد بھی پارکنگ کی ضرورت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button