
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات نے 25 جون 2026 سے فلپائنی پاسپورٹ رکھنے والے اہل شہریوں کیلئے ویزا آن ارائیول کی سہولت کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اقدام فلپائن اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
فلپائن کے محکمہ خارجہ کے مطابق وہ فلپائنی شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے جن کے پاس فلپائنی پاسپورٹ کے ساتھ امریکہ، یورپی یونین کے رکن ممالک، آسٹریلیا، جاپان، سنگاپور، جنوبی کوریا، کینیڈا یا نیوزی لینڈ کی جانب سے جاری کردہ کارآمد ویزا، رہائشی اجازت نامہ یا گرین کارڈ موجود ہو۔
14 روزہ ویزا آن ارائیول کی فیس 100 درہم مقرر کی گئی ہے اور اسے ایک مرتبہ مزید 14 دن کیلئے 250 درہم اضافی فیس کے ساتھ توسیع دی جا سکے گی۔
اس کے علاوہ 60 روزہ ویزا آن ارائیول بھی دستیاب ہوگا جس کی فیس 250 درہم ہوگی، تاہم اس میں توسیع کی اجازت نہیں ہوگی۔
اہل مسافروں کو متحدہ عرب امارات کے کسی بھی ہوائی اڈے پر پہنچنے کے بعد اپنا فلپائنی پاسپورٹ اور متعلقہ ممالک کی جانب سے جاری کردہ کارآمد ویزا، رہائشی اجازت نامہ یا گرین کارڈ پیش کرنا ہوگا۔
متحدہ عرب امارات میں تقریباً 10 لاکھ فلپائنی شہری مقیم ہیں، جن کی بڑی تعداد دبئی، ابوظہبی اور شارجہ میں آباد ہے۔ یہ فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان سفری اور اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔







