متحدہ عرب امارات

شارجہ: بھارتی خاتون کی خودکشی کیس میں شوہر کے تشدد کی ویڈیو منظرعام پر

خلیج اردو
شارجہ: شارجہ میں گزشتہ ماہ مردہ پائی جانے والی بھارتی خاتون اتھولیا شیکھر کے کیس میں نیا ثبوت سامنے آیا ہے۔ متعدد ملیالم میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک ویڈیو میں اتھولیا کو روتے اور میز کے گرد بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ اس کا شوہر ستییش شنکر اسے تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے۔ یہ ویڈیو مبینہ طور پر اس کی موت سے چند روز قبل کی ہے۔

اتھولیا اپنی 30ویں سالگرہ منانے کے اگلے دن رولہ، شارجہ میں اپنے فلیٹ میں مردہ پائی گئی تھی۔ شارجہ حکام کی فرانزک رپورٹ کے مطابق بھارتی خاتون نے خودکشی کی۔ تاہم والدین نے شوہر کے خلاف جسمانی اور ذہنی اذیت دینے کا مقدمہ دائر کیا ہے اور یہ نئی ویڈیو عدالت میں ثبوت کے طور پر پیش کی گئی ہے۔

ویڈیو میں ستییش کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے: "میں تمہیں چھرا گھونپ کر جیل چلا جاؤں گا۔ تم میرے بغیر زندہ نہیں رہ سکو گی۔ میں تمہیں کبھی جانے نہیں دوں گا۔ اگر ضرورت پڑی تو میں کسی کو کرائے پر رکھ کر تمہیں مروا دوں گا۔ اس کے لیے مجھے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ بھی خرچ نہیں کرنی پڑے گی۔”

سوشل میڈیا پر ستییش کی جانب سے اتھولیا پر تشدد کی ویڈیوز بھی گردش کر رہی ہیں۔ ملیالم میڈیا سے گفتگو میں ستییش نے یہ اعتراف کیا کہ اس نے بیوی کو مارا پیٹا، لیکن اس کا دعویٰ تھا کہ اس نے یہ "محبت کی وجہ سے” کیا۔

جوڑے کی 10 سالہ بیٹی اس وقت اتھولیا کے والدین کے پاس رہ رہی ہے۔

ستییش کے وکلاء نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ ویڈیو پرانی ہے اور اس کی اصل تاریخ جاننے کے لیے ڈیجیٹل فرانزک جانچ ضروری ہے۔

رواں ماہ کے آغاز میں ستییش کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ بھارتی ریاست کیرالا کے دارالحکومت ترواننت پورم پہنچا۔ بعدازاں ڈسٹرکٹ کورٹ سے پیشگی ضمانت لینے کے بعد اس کی ضمانت پر رہائی عمل میں آئی۔

اتھولیا کے جسد خاکی کو بھارت بھیجنے کے بعد اس کے والدین کی درخواست پر پوسٹ مارٹم کیا گیا، جس کے بعد آخری رسومات ادا کی گئیں۔ یہ بات سماجی کارکن عبداللہ کمانپلم نے خلیج ٹائمز کو بتائی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button