
خلیج اردو
کابل: افغانستان کے مشرقی صوبوں ننگرہار اور کنڑ میں رات گئے 6.0 شدت کا زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں کم از کم 250 افراد جاں بحق اور 500 سے زائد زخمی ہو گئے۔ عالمی میڈیا کے مطابق زلزلے کا مرکز جلال آباد کے قریب اور گہرائی 8 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ درجنوں مکانات تباہ ہو گئے جبکہ آفٹر شاکس اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متاثرہ علاقوں تک امدادی رسائی دشوار ہو گئی۔ افغان حکومت نے فوری طور پر بین الاقوامی اداروں سے امداد کی اپیل کی ہے۔
پاکستان میں بھی رات 12 بج کر 38 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اسلام آباد، لاہور، پشاور، مری، چکوال سمیت مختلف شہروں میں لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ پاکستان میں زلزلے کی شدت 6 اور گہرائی 15 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔





