
خلیج اردو
دبئی: متحدہ عرب امارات لاٹری نے آغاز کے صرف دس ماہ بعد ہی شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔ اب تک 6 لاکھ سے زائد صارفین آن لائن رجسٹرڈ ہو چکے ہیں جبکہ تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار کھلاڑی انعامات جیت چکے ہیں۔ کمپنی کے مطابق تین خوش قسمت افراد نے ایک، ایک ملین درہم کا انعام جیتا، 168 کھلاڑیوں نے ایک لاکھ درہم کے انعامات حاصل کیے، اور مجموعی طور پر 247,119 افراد نے مختلف سطحوں پر جیت درج کی۔
یو اے ای لاٹری نے حال ہی میں دبئی کے تین ادنوک پٹرول اسٹیشنز (بزنس بے، القوز اور جبل علی) پر ٹکٹوں کی فروخت شروع کر دی ہے۔ ڈائریکٹر آف لاٹری آپریشنز بشپ ووسلے نے کہا کہ یہ اقدام عوام کی سہولت اور رسائی بڑھانے کے لیے ہے، کیونکہ پٹرول اسٹیشن روزمرہ کے معمول کا حصہ ہیں۔
ان کے مطابق بزنس بے کو دفاتر کے قریب ہونے کی وجہ سے منتخب کیا گیا، القوز صنعتی علاقے کے لیے اہم ہے، جبکہ جبل علی دبئی اور ابوظہبی کے درمیان مرکزی مقام ہونے کی وجہ سے منتخب کیا گیا۔
گزشتہ ماہ چار نئے اسکریچ کارڈز بھی لانچ کیے گئے جن کے ذریعے کھلاڑی 5 سے 50 درہم کے ٹکٹس خرید کر ایک ملین درہم تک جیت سکتے ہیں۔
بشپ ووسلے نے زور دیا کہ ذمہ دارانہ گیمنگ ان کی اولین ترجیح ہے۔ صرف 18 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کو کھیلنے کی اجازت ہے جبکہ ادنوک اسٹیشنز پر سخت کنٹرول، تربیت یافتہ عملہ اور واضح ہدایات موجود ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ریٹیل آپریشنز کا یہ پہلا مرحلہ ہے اور آئندہ مزید بڑے فارمیٹس متعارف کرائے جائیں گے۔ “ہمارے پاس بڑے منصوبے ہیں تاکہ ٹکٹس کو مزید عام اور آسان رسائی والا بنایا جا سکے۔






