متحدہ عرب امارات

شیخ محمد بن راشد کی مصر کی ٹیم کو خراجِ تحسین، "آپ تمام عربوں کی نظر میں ہیرو ہیں”

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کے خلاف مصر کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے قومی ٹیم کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

شیخ محمد بن راشد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ مصر کی ٹیم نے عالمی چیمپئن ارجنٹینا کے خلاف آخری لمحے تک بھرپور مقابلہ کیا اور ان کا عزم و حوصلہ مصر کی حقیقی روح کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شائقین کو ایک یادگار اور شاندار مقابلہ دیکھنے کا موقع فراہم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی، لیکن وہ اپنے وطن ہیرو بن کر لوٹے گی اور تمام عربوں کی نظر میں ہمیشہ ہیرو رہے گی۔

ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں اٹلانٹا میں کھیلے گئے میچ میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے آخری لمحات میں تین گول کر کے مصر کو 3-2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔

دوسری جانب دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے صدر اور دبئی ایئرپورٹس کے چیئرمین شیخ احمد بن سعید آل مکتوم نے بھی مصر کی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 2026 فیفا ورلڈ کپ میں مصر کی موجودگی ہمیشہ باعثِ فخر رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم نے غیرمعمولی جذبے، عزم اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا جو بھرپور داد کا مستحق ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button