متحدہ عرب امارات

دبئی ایئرپورٹس پر حج سیزن کیلئے خصوصی انتظامات مکمل، 3600 سے زائد عازمین کیلئے اسپیشل کاؤنٹرز اور تحائف تیار

خلیج اردو
دبئی ایئرپورٹس نے حج سیزن 2026 کیلئے خصوصی تیاریوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں سال 3600 سے زائد عازمینِ حج کا استقبال کیا جائے گا، جبکہ متحدہ عرب امارات کے تقریباً 59 فیصد حجاج دبئی کے ہوائی اڈوں سے سفر کریں گے۔

حج پروازیں 23 مئی تک ایمریٹس، سعودیہ، فلائی دبئی اور فلائی ناس کے ذریعے جاری رہیں گی۔ دبئی حکومت کا سرکاری وفد 21 مئی کو روانہ ہو چکا ہے جبکہ رش کے پیش نظر متعدد اضافی پروازیں بھی چلائی جا رہی ہیں۔

رواں سال حج کے مناسک 25 سے 27 مئی کے درمیان ادا کیے جائیں گے۔ حکام کے مطابق متحدہ عرب امارات کیلئے 6228 عازمین کا کوٹہ مختص کیا گیا جبکہ 72 ہزار سے زائد افراد نے درخواستیں جمع کرائیں۔

حج آپریشن کیلئے دبئی پولیس، جی ڈی آر ایف اے، دبئی کسٹمز، دبئی ہیلتھ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مشترکہ پلان تیار کیا گیا ہے تاکہ عازمین کو محفوظ، منظم اور آسان سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔

عازمین کیلئے خصوصی چیک اِن کاؤنٹرز، الگ روانگی و آمد گیٹس، مفت تحائف، کثیراللسانی معاون عملہ، دعائیہ مقامات اور احرام تبدیل کرنے کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ بزرگ اور خصوصی معاونت کے محتاج عازمین کیلئے وہیل چیئرز، طبی معائنے اور گراؤنڈ سپورٹ ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں۔

حکام نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ پرواز سے کم از کم چار گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچیں اور اپنے تمام سفری دستاویزات، حج پرمٹ اور ویکسینیشن سرٹیفکیٹس ساتھ رکھیں۔ سامان کم رکھنے اور بیگز پر واضح لیبل لگانے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔

عازمین کی واپسی 30 مئی سے 2 جون کے درمیان متوقع ہے۔ واپسی پر زم زم پانی کیلئے الگ بیگیج بیلٹس مختص کی جائیں گی تاکہ کسٹمز اور سامان وصولی کا عمل تیز اور آسان بنایا جا سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button