
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں وزارتِ انسانی وسائل و اماراتائزیشن وزارتِ انسانی وسائل و اماراتائزیشن کی جانب سے نئے تنخواہی قانون کے نفاذ سے قبل کمپنیوں میں تیاریوں کا عمل تیز ہوگیا ہے۔ نئے ضابطے کے تحت یکم جون 2026 سے تمام اداروں کو ملازمین کی تنخواہیں ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو ادا کرنا ہوں گی۔
اس سے قبل کمپنیوں کو ہر ماہ کی دسویں تاریخ تک تنخواہیں ادا کرنے کی اجازت تھی، تاہم نئے قانون کے بعد کاروباری اداروں، خاص طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کیلئے مالی اور انتظامی دباؤ بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ماینک پٹیل کے مطابق نئی پالیسی کے بعد کمپنیوں کو ماہانہ اکاؤنٹس کلوزنگ، منظوریوں اور ویج پروٹیکشن سسٹم کے عمل کو بہت کم وقت میں مکمل کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ادارے ماہ کے آغاز میں وصول ہونے والی رقوم پر انحصار نہیں کر سکیں گے، اس لیے پہلے سے فنڈڈ پے رول اکاؤنٹس اور اضافی لیکویڈیٹی ضروری ہوگی۔
ایڈیکو کے نمائندے کے مطابق مالی منصوبہ بندی کو اب “ردعملی” کے بجائے “پیشگی” بنیادوں پر کرنا ہوگا تاکہ تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جا سکے۔
دوسری جانب پیڈرو لیسرڈا نے کہا کہ یہ قانون یو اے ای میں تنخواہوں کے نظام کو مزید شفاف بنانے اور ملازمین کے حقوق کے تحفظ کی حکومتی پالیسی کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق اس سے کمپنیوں میں منظم پے رول سسٹم، بروقت ادائیگی اور ہیومن ریسورسز و فنانس ٹیموں کے درمیان بہتر رابطہ فروغ پائے گا۔
ماہرین کے مطابق چھوٹے اور درمیانے درجے کے اداروں کو ابتدائی مرحلے میں سب سے زیادہ مشکلات پیش آسکتی ہیں، خاص طور پر وہ کمپنیاں جو اب بھی دستی یا روایتی پے رول سسٹم استعمال کرتی ہیں یا محدود کیش فلو پر انحصار کرتی ہیں۔
خدیجہ بودلال نے کہا کہ کمپنیوں کو نئے نظام کے مطابق اپنے مالی اور انتظامی عمل کو مزید منظم کرنا ہوگا تاکہ خلاف ورزیوں سے بچا جا سکے۔
وزارتِ انسانی وسائل و اماراتائزیشن نے قانون پر عمل نہ کرنے والی کمپنیوں کیلئے مرحلہ وار کارروائی کا شیڈول بھی جاری کیا ہے۔ تاخیر کے دوسرے دن نوٹس جاری ہوگا، پانچویں دن ورک پرمٹس معطل کیے جا سکتے ہیں، گیارہویں دن جرمانے اور کمپنی کی درجہ بندی میں تنزلی ہوگی جبکہ سولہویں دن لیبر کارروائی شروع کی جا سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ ابتدائی مہینوں میں دباؤ بڑھ سکتا ہے، تاہم مناسب مالی منصوبہ بندی اور موثر لیکویڈیٹی مینجمنٹ کے ذریعے کمپنیاں جلد نئے نظام سے مطابقت پیدا کر لیں گی۔







