
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے فضائی دفاعی نظام نے جنگ کے 34ویں روز ایران کی جانب سے داغے گئے 19 بیلسٹک میزائل اور 26 ڈرونز کو کامیابی سے تباہ کر دیا۔
وزارت دفاع متحدہ عرب امارات کے مطابق ملک کی خودمختاری، سلامتی اور استحکام کے تحفظ کیلئے مکمل تیاری موجود ہے اور ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کیلئے دفاعی نظام مسلسل متحرک ہے۔
حکام کے مطابق 28 فروری سے جاری اس جنگ کے دوران اب تک 12 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں دو فوجی اہلکار بھی شامل ہیں جو قومی فریضہ انجام دیتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ایک مراکشی شہری بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہے۔
اس کے علاوہ 191 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں مختلف ممالک کے شہری شامل ہیں، زخمیوں میں اماراتی، پاکستانی، بھارتی، مصری، سوڈانی اور دیگر قومیتوں کے افراد شامل ہیں۔
دارالحکومت ابوظہبی میں خلیفہ اکنامک زون کے قریب ایک میزائل کو تباہ کرنے کے بعد معمولی نقصان کی اطلاع ملی، تاہم کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ فضائی خطرات کے باوجود دفاعی نظام مؤثر انداز میں کام کر رہا ہے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق مسلسل میزائل اور ڈرون حملوں کے باوجود یو اے ای کا دفاعی ردعمل خطے میں اس کی سیکیورٹی صلاحیتوں اور ہنگامی تیاریوں کو ظاہر کرتا ہے۔







