متحدہ عرب امارات

یو اے ای میں ای سگریٹ مائع پر کم از کم ٹیکس قیمت مقرر، یکم ستمبر سے نیا قانون نافذ ہوگا

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خزانہ نے الیکٹرانک سگریٹ اور ویپ ڈیوائسز میں استعمال ہونے والے مائع (E-liquids) کے لیے کم از کم ایکسائز ٹیکس قیمت مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کا اطلاق یکم ستمبر 2026 سے ہوگا۔

نئے فیصلے کے تحت ای سگریٹ میں استعمال ہونے والے مائع کی کم از کم ایکسائز قیمت ایک درہم فی ملی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جس کی بنیاد پر ایکسائز ٹیکس کا حساب لگایا جائے گا۔

وزارتِ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ سگریٹ، شیشہ تمباکو، ریڈی ٹو یوز تمباکو مصنوعات اور اسی نوعیت کی دیگر اشیا پر پہلے سے مقرر کم از کم ایکسائز قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

وزارت کے مطابق اس اقدام کا مقصد ایکسائز ٹیکس کے نظام کو مزید مؤثر بنانا، تمباکو اور الیکٹرانک سگریٹ مصنوعات پر یکساں معیار نافذ کرنا اور مارکیٹ میں ہونے والی تبدیلیوں کے مطابق ٹیکس قوانین کو بہتر بنانا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ نیا فیصلہ ٹیکس قوانین پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانے، ٹیکس سے بچنے کی کوششوں کی روک تھام اور تمام متعلقہ مصنوعات پر یکساں ضوابط نافذ کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں ایکسائز ٹیکس کے دائرہ کار میں شامل تمام تمباکو مصنوعات پر 100 فیصد ایکسائز ٹیکس بدستور برقرار رہے گا، جبکہ حالیہ فیصلہ صرف ای سگریٹ مائع کے لیے کم از کم قیمت مقرر کرنے سے متعلق ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button