
خلیج اردو
ابوظبہی: فیڈرل ٹیکس اتھارٹی نے سال 2025 کے پہلے چھ ماہ کے دوران 1 کروڑ 76 لاکھ سے زائد غیر مطابقت رکھنے والی ایکسائز اشیاء — جن میں تمباکو مصنوعات، سافٹ ڈرنکس، انرجی ڈرنکس اور میٹھے مشروبات شامل ہیں — ضبط کیں۔ یہ ریکارڈ ضبطیاں ملک گیر انسپیکشنز کے دوران عمل میں آئیں۔
جنوری سے جون کے درمیان 85,500 فیلڈ وزٹس کی گئیں، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 110.7 فیصد زیادہ ہیں۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں 357.22 ملین درہم ٹیکس اور جرمانوں کی صورت میں حاصل ہوئے، جو 2024 میں جمع ہونے والے 191.75 ملین درہم سے 86.29 فیصد زیادہ ہیں۔ یہ مہمات مقامی حکام کے تعاون سے چلائی گئیں۔
ضبط شدہ اشیاء میں 1 کروڑ 15 لاکھ 20 ہزار تمباکو پیکٹ شامل تھے جن پر ڈیجیٹل ٹیکس اسٹیمپ موجود نہیں تھے اور وہ FTA کے الیکٹرانک سسٹم میں رجسٹرڈ نہیں تھے۔ یہ تعداد پچھلے سال کے 55.2 لاکھ پیکٹس سے دوگنی سے بھی زیادہ ہے۔ ڈیجیٹل اسٹیمپ سسٹم 2019 میں متعارف کرایا گیا تھا تاکہ ہر پیکٹ کو پیداوار یا درآمد سے لے کر فروخت تک ٹریک کیا جا سکے اور اسمگلنگ و جعلی سازی کی روک تھام کی جا سکے۔
انسپکٹرز نے 61 لاکھ بوتلیں اور کین غیر مطابقت رکھنے والے مشروبات کی بھی ضبط کیں، جو گزشتہ سال کے 17.4 لاکھ کے مقابلے میں ساڑھے تین گنا زیادہ ہیں۔ یو اے ای ایکسائز ٹیکس قانون کے تحت کاربونیٹڈ ڈرنکس، انرجی ڈرنکس اور میٹھے مشروبات پر ٹیکس عائد کیا جاتا ہے تاکہ غیر صحت بخش مصنوعات کے استعمال میں کمی لائی جا سکے۔ 2026 سے چینی والے مشروبات پر ٹیکس کا اطلاق چینی کی مقدار کے مطابق کیا جائے گا، موجودہ فلیٹ ریٹ کی بجائے۔
ایف ٹی اے کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر برائے ٹیکس کمپلائنس، سارہ الحبشی نے کہا کہ اتھارٹی کے جدید ڈیجیٹل مانیٹرنگ ٹولز نے مارکیٹ کی نگرانی کو مضبوط بنایا ہے اور نفاذ کی کارکردگی میں اضافہ کیا ہے۔ "یہ ٹیکنالوجیز اسمگل شدہ اور ٹیکس قوانین پر پورا نہ اترنے والی اشیاء کی نشاندہی اور انہیں مارکیٹ سے ہٹانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ صارفین کے تحفظ اور کاروباروں کی ٹیکس قوانین کی پاسداری یقینی بنانے کے لیے ملک گیر معائنوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔






