متحدہ عرب امارات

بارشیں بڑھانے کے لیے متحدہ عرب امارات کی جولائی میں 39 کلاؤڈ سیڈنگ مشنز

خلیج اردو
ابوظہبی، 13 اگست: نیشنل سینٹر آف میٹیورولوجی (این سی ایم) کے مطابق متحدہ عرب امارات نے سال 2025 کے دوران اب تک 185 کلاؤڈ سیڈنگ آپریشنز کیے ہیں جن میں صرف جولائی میں 39 مشنز شامل ہیں۔ حالیہ ہفتوں میں ملک کے مختلف حصوں میں درمیانی سے تیز بارشیں ہوئیں، جن کے ساتھ گرد آلود طوفان، دھند اور ابو ظہبی و دبئی میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھی گئی، جس سے شہریوں کو راحت ملی۔

کلاؤڈ سیڈنگ کا مقصد بارش میں 10 سے 25 فیصد اضافہ کرنا ہے، جس کے لیے ہائیگروسکوپک فلیئرز، نینومیٹریلز اور الیکٹرک چارج ای میٹرز جیسی جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جاتی ہے۔ این سی ایم کے ماہر موسمیات ڈاکٹر احمد حبیب نے بتایا کہ جنوری سے جولائی تک 166 پروازیں کی گئیں، جن میں 39 صرف جولائی میں تھیں۔ آئندہ دنوں میں بارش کے امکانات کم ہیں اور جمعہ کے بعد کوئی خاص امکان نہیں۔

یو اے ای ہر سال 900 گھنٹے سے زائد کلاؤڈ سیڈنگ مشنز پر تقریباً 29 ہزار درہم فی گھنٹہ کے حساب سے سرمایہ خرچ کرتا ہے۔ اس مقصد کے لیے 12 خصوصی تربیت یافتہ پائلٹ، 4 مخصوص طیارے، موسمی ریڈارز اور خودکار اسٹیشنز کا نیٹ ورک موجود ہے۔ جدید ٹیکنالوجیز جیسے اے آئی پر مبنی پیش گوئی اور مشین لرننگ سے ہدف کی درستگی میں اضافہ ہوا ہے۔

تحقیقات کے مطابق یو اے ای کے کلاؤڈ سیڈنگ پروگرام سے سالانہ 168 سے 838 ملین مکعب میٹر اضافی بارش پیدا ہوتی ہے، جس میں سے 84 سے 419 ملین مکعب میٹر پانی قابل استعمال ہوتا ہے۔ یہ مقدار ملک کی کل سالانہ بارش کا اہم حصہ ہے جو تقریباً 6.7 بلین مکعب میٹر بنتی ہے۔ ایک اور سٹڈی کے مطابق، 1981 سے 2002 کے مقابلے میں 2003 سے 2019 کے دوران بارش میں اوسطاً 23 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

یو اے ای کا رین انہانسمنٹ پروگرام وزارتِ صدارتی امور کے تحت این سی ایم چلاتا ہے، جس کی ڈائریکٹر عالیہ المزروعی کے مطابق یہ سائنسی و تکنیکی ترقی نہ صرف مقامی بلکہ دنیا بھر میں پانی کی کمی کا شکار ممالک کے لیے امید کی کرن ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button