متحدہ عرب امارات

یو اے ای کا اقوام متحدہ پر اسرائیلی جارحیت پر کارروائی نہ کرنے پر اظہارِ افسوس

خلیج اردو
نیو یارک: متحدہ عرب امارات نے قطر پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے غیر ذمہ دارانہ اقدام قرار دیا ہے جو خطے کے امن اور استحکام کے لیے بڑا خطرہ ہے۔

جمعرات کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں یو اے ای کے صدر کے سفارتی مشیر ڈاکٹر انور قرقاش نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قطر پر اسرائیلی حملہ پہلے سے ہی کشیدہ صورتحال کو مزید بھڑکاتا ہے اور یہ سلامتی کونسل کی ناکامی ہے کہ وہ اسرائیلی خلاف ورزیوں کے خلاف فیصلہ کن اقدام کرنے میں ناکام رہی ہے۔

ڈاکٹر قرقاش نے کہا کہ دوحہ پر اسرائیلی فضائی حملہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے جس میں چھ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے، اس سے مزید شدت پسندی اور تشدد کو ہوا ملے گی جبکہ خطہ مذاکرات اور جنگ بندی کا متقاضی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے مسلسل حملے اور فلسطینی زمین کے انضمام کی دھمکیاں پائیدار امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ یہ حملہ نہ صرف قطر کی خودمختاری پر حملہ ہے بلکہ ابراہام معاہدے کو بھی سب سے زیادہ نازک صورتحال سے دوچار کر دیا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی محض فوجی نہیں بلکہ ایک گہرا سفارتی اور علامتی چیلنج ہے۔

ڈاکٹر قرقاش نے یقین دہانی کرائی کہ "قطر تنہا نہیں ہے” اور بتایا کہ یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان اسرائیلی حملے کے اگلے ہی دن قطر پہنچے اور قطر کی قیادت اور عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ای قطر کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے کیے گئے تمام اقدامات کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

اقوام متحدہ سے خطاب میں ڈاکٹر قرقاش نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ انصاف، بقائے باہمی اور اچھے ہمسائیگی کے اصولوں پر مبنی خطے کے بہتر مستقبل کے لیے مل کر کام کرے تاکہ انتہا پسندی سے پاک پائیدار امن قائم ہو سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button