متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات کی مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی دھاوے کی مذمت، اسے انتہاپسندانہ اقدام قرار دیا

خلیج اردو
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے اسرائیلی قومی سلامتی کے وزیر ایتمار بن گویر اور یہودی آبادکاروں کی پولیس تحفظ میں مسجد اقصیٰ کمپاؤنڈ پر دھاوے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیز اور ناقابل قبول انتہاپسندانہ اقدام قرار دیا ہے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں اسرائیلی حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ان اشتعال انگیز اقدامات کی مذمت کرے، اپنی ذمہ داریاں ادا کرے اور ان کارروائیوں میں ملوث تمام افراد، بالخصوص اسرائیلی وزراء اور عہدیداروں کے خلاف کارروائی کرے۔

بیان میں کہا گیا کہ مسجد اقصیٰ پر بار بار حملے اور نفرت و تشدد پر اکسانے کی مہم ایک منظم انتہاپسندانہ سلسلہ ہے، جو نہ صرف فلسطینی عوام کو نشانہ بناتا ہے بلکہ سماجی ہم آہنگی کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے، جس سے کشیدگی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

وزارت خارجہ نے مسجد اقصیٰ کے تاریخی اور قانونی اسٹیٹس کو برقرار رکھنے، تمام مذہبی مقامات کے تقدس کا احترام کرنے اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ ساتھ ہی اردن کی ہاشمی حکومت کے مسجد اقصیٰ کے اوقاف کی نگرانی اور انتظامی امور کی ذمہ داری کے کردار کو بھی تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا۔

خیال رہے کہ اسرائیل کے دائیں بازو کے قومی سلامتی کے وزیر ایتمار بن گویر نے اتوار کے روز یروشلم میں مسجد اقصیٰ کے حساس کمپاؤنڈ کا دورہ کیا اور وہاں نماز ادا کرنے کا دعویٰ کیا، جو مسلمانوں کی مذہبی حکام کے ساتھ برسوں پرانی "اسٹیٹس کو” کی نازک مفاہمت کی کھلی خلاف ورزی تصور کی جا رہی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button