
خلیج اردو
ابوظہبی – متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے ایک منی ایکسچینج کمپنی پر انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت سے متعلق قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر 100 ملین درہم (10 کروڑ درہم) کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ یہ اعلان جمعرات کے روز بینک کی جانب سے جاری ایک بیان میں کیا گیا۔
مرکزی بینک کے مطابق، یہ مالی جرمانہ اس وقت عائد کیا گیا جب متعلقہ کمپنی کے انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردی و غیر قانونی تنظیموں کی مالی معاونت کے خلاف فریم ورک میں "اہم ناکامیاں” پائی گئیں۔ یہ خامیاں مرکزی بینک کی جانب سے کی جانے والی جانچ پڑتال کے دوران سامنے آئیں۔
یہ کارروائی وفاقی قانون نمبر (14) برائے 2018 کے آرٹیکل 137 کے تحت کی گئی ہے، جو مرکزی بینک اور مالیاتی اداروں و سرگرمیوں کے نظم و نسق سے متعلق ہے۔
مرکزی بینک نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے نگرانی اور ریگولیٹری اختیارات کے تحت اس امر کو یقینی بناتا ہے کہ تمام ایکسچینج ہاؤسز، ان کے مالکان اور عملہ متحدہ عرب امارات کے قوانین، ضوابط اور معیارات کی مکمل پابندی کریں۔







