
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں اموات میں 2011 کے بعد سے 74 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق سخت قوانین پر عملدرآمد، جدید ٹیکنالوجی، بہتر انفرااسٹرکچر اور مسلسل آگاہی مہمات نے سڑکوں پر اموات کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
وزارت داخلہ کے مطابق گزشتہ سال اچانک لین تبدیل کرنا یا گاڑی موڑنا ٹریفک حادثات کی سب سے بڑی وجہ رہی۔ 2025 میں اس وجہ سے 905 حادثات پیش آئے جو ملک بھر میں ہونے والے حادثات کا تقریباً چھٹا حصہ ہیں۔
روڈ سیفٹی ماہرین کے مطابق یو اے ای میں ٹریفک اموات کی تعداد تقریباً تاریخی کم ترین سطح پر ہے۔ 2008 میں ملک میں ایک ہزار سے زیادہ ٹریفک اموات ریکارڈ ہوئی تھیں جبکہ گزشتہ برسوں کے دوران اس شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔
دبئی میں بھی گزشتہ دو دہائیوں کے دوران ٹریفک سیفٹی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ 2007 میں فی ایک لاکھ افراد ٹریفک اموات کی شرح 21.7 تھی جو 2024 میں کم ہو کر 1.8 رہ گئی، یعنی 91 فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی۔
حکام کے مطابق دبئی میں سمارٹ ٹریفک سسٹمز، جدید سڑکوں کے ڈیزائن، نگرانی کے جدید نظام اور ڈرائیورز کے رویوں کی مانیٹرنگ کے ذریعے سڑکوں کو مزید محفوظ بنانے پر کام جاری ہے۔
دبئی پولیس نے 2033 تک ٹریفک حادثات میں اموات کو صفر تک لانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔






