متحدہ عرب امارات

یو اے ای کے ڈاکٹرز کی سردیوں کی بیماریوں سے متعلق وارننگ، سفر سے پہلے چیک اپ کرانے کی اپیل

خلیج اردو
سردیوں کے آغاز اور چھٹیوں کے سفر میں اضافہ ہونے کے ساتھ ہی یو اے ای کے ماہرین صحت نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ سفر سے پہلے صحت کا معائنہ ضرور کروائیں۔ ڈاکٹرز کے مطابق ایک سادہ سا چیک اپ نہ صرف بیماریوں سے بچا سکتا ہے بلکہ سفر کے دوران ہنگامی صورتحال سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔

عالمی اعداد و شمار کے مطابق 22 سے 64 فیصد بین الاقوامی مسافر سفر کے دوران یا واپسی پر بیمار ہو جاتے ہیں، جو اس موسم میں خاص طور پر تشویشناک ہے کیونکہ لوگ زیادہ سرد اور گنجان علاقوں کا رخ کر رہے ہیں۔

‘بغیر منصوبہ بندی سفر نہ کریں’

انٹرنیشنل ماڈرن ہسپتال دبئی کے ڈاکٹر محمود مدحت کے مطابق سردیوں کے موسم میں عالمی سطح پر صحت کے نظام اضافی احتیاط کی ہدایت دے رہے ہیں، خصوصاً ایسے افراد کو جو دائمی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔

انہوں نے بچوں، بزرگوں، دمہ، شوگر، اور دل کے امراض میں مبتلا افراد کو خاص احتیاط کی ضرورت پر زور دیا۔
ڈاکٹر مدحت نے بتایا کہ موسمی فلو ویکسین اور ضرورت کے مطابق کووِڈ بوسٹر سب سے مؤثر تحفظ فراہم کرتے ہیں، جبکہ بزرگوں کے لیے نمونیا کی ویکسین بھی مفید ہو سکتی ہے۔ مناسب نیند، پانی کا استعمال، متوازن غذا، اور پہلے سے موجود بیماریوں کا کنٹرول بھی سفر سے پہلے ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پری ٹریول کنسلٹیشن میں ادویات کا جائزہ، ویکسین کی اپ ڈیٹ اور ضروری میڈیکل دستاویزات کی تیاری شامل ہوتی ہے۔
ڈاکٹر مدحت کے مطابق روانگی سے پہلے ٹریول ہیلتھ کٹ تیار کرنا ضروری ہے جس میں ماسک، سینیٹائزر، وپس، بخار کی دوا اور نزلہ زکام کی دوائیں شامل ہوں۔ ساتھ ہی سفر کی جگہ کی صحت کی صورتحال جانچنا بھی اہم ہے۔

ایئرپورٹ، طیارے اور سیاحتی مقامات پر کیا کریں؟

ایسٹر سیڈرز اسپتال جبل علی کی ڈاکٹر برجز شیخ نے کہا کہ بھیڑ والے ایئرپورٹس، طیارے اور سیاحتی مقامات وائرس کے پھیلاؤ کو کئی گنا بڑھا دیتے ہیں۔
انہوں نے مشورہ دیا کہ:

  • سفر سے پہلے ویکسین اپ ڈیٹ کریں، ماسک اور سینیٹائزر ساتھ رکھیں۔

  • سفر کے دوران مجمع میں ماسک پہنیں، ہاتھ صاف رکھتے رہیں، بیمار افراد سے فاصلہ رکھیں اور پانی پیتے رہیں۔

  • ایئرپورٹس اور قطاروں میں ماسک کا استعمال ضروری ہے۔

  • طیارے میں ٹرے ٹیبل اور آرم ریسٹ کو صاف کریں۔

  • سیاحتی مقامات پر رش والے اوقات سے گریز کریں۔

خوراک کا انتخاب، سردی اور دائمی بیماریاں

این ایم سی میڈیکل سینٹر کی ڈاکٹر اثیرا جیا پرکاش انگور نے کہا کہ یو اے ای کے مسافر زیادہ تر سانس کی بیماریوں پر توجہ دیتے ہیں، لیکن پیٹ کی خرابیاں اور غیر محفوظ کھانا بھی سفر کو متاثر کر سکتے ہیں۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ:

  • دائمی بیماریوں کی ادویات ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق استعمال کریں۔

  • غیر پکا ہوا کھانا، کھلے میں رکھے جوس اور پہلے سے کٹے ہوئے پھلوں سے پرہیز کریں۔

  • تازہ گرم کھانا کھائیں اور اچھی شہرت والے ریستورانوں کا انتخاب کریں۔

  • سانس کی بیماریاں رکھنے والے افراد خاص طور پر دمہ اور COPD مریض بہت ٹھنڈے موسم سے بچیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button