
خلیج اردو
دبئی:دوبزل گروپ نے منگل کے روز متحدہ عرب امارات کے معروف رئیل اسٹیٹ انٹیلیجنس پلیٹ فارم "پراپرٹی مانیٹر” کے حصول کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ دوبزل کو 2025 میں ممکنہ طور پر پبلک لسٹنگ کے لیے مضبوط امیدواروں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
سینچری فنانشل کے مطابق، تیز رفتار ترقی کے بعد دوبزل ڈیجیٹل مارکیٹ پلیسز میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی کا فائدہ اٹھا سکتا ہے، جو کہ یو اے ای میں ٹیکنالوجی سے جڑے آئی پی اوز کو فروغ دینے کی قومی حکمت عملی سے ہم آہنگ ہے۔ متوقع آئی پی او کی مالیت 50 کروڑ سے ایک ارب امریکی ڈالر کے درمیان بتائی جا رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق کمپنی دوبئی یا ابوظہبی میں لسٹنگ کے لیے روتھس چائلڈ اینڈ کمپنی کی خدمات حاصل کرنے والی ہے۔
پراپرٹی مانیٹر کا حصول دوبزل گروپ کی رئیل اسٹیٹ میں قیادت اور ٹیکنالوجی میں برتری کو مزید مستحکم کرتا ہے، جہاں وہ پہلے ہی بیوت اور دوبزل جیسے معروف برانڈز کے ذریعے سرگرم ہے۔ اس انضمام کے ذریعے ایجنسیز اور ڈیولپرز کو مزید مکمل اور ڈیٹا سے بھرپور صارف تجربہ فراہم کیا جائے گا۔
پراپرٹی مانیٹر متحدہ عرب امارات میں کلیدی مارکیٹ انٹیلیجنس فراہم کنندہ کے طور پر جانا جاتا ہے، جو پی ایم آئی کیو نامی سافٹ ویئر پلیٹ فارم، اے پی آئی انضمام، مارکیٹ رپورٹس اور خودکار ویلیوایشن جیسی خدمات فراہم کرتا ہے۔ اس کے کلائنٹس میں ملک کی معروف رئیل اسٹیٹ ایجنسیاں اور ڈیولپرز شامل ہیں۔
دوبزل گروپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ پراپرٹی مانیٹر کی پروڈکٹ رینج میں ڈیمانڈ سائیڈ ڈیٹا شامل کرے گا، تاکہ کلائنٹس سے تعلق کو مزید گہرا بنایا جا سکے۔
پراپرٹی مانیٹر نے 2022 سے 2024 کے دوران آمدنی میں 55 فیصد سالانہ ترقی کی ہے اور ہر ماہ 7,700 سے زائد صارفین کو اپنی خدمات فراہم کرتا ہے، جن میں زیادہ تر رئیل اسٹیٹ ایجنسیاں اور ڈیولپرز شامل ہیں۔
دوبزل گروپ یو اے ای کے سی ای او حیدر علی خان نے کہا: "ہم پراپرٹی مانیٹر کو اپنے رئیل اسٹیٹ پورٹ فولیو میں شامل کر کے خوش ہیں۔ ایک معتبر برانڈ کے طور پر یہ بیوت اور دوبزل کی قدر میں مزید اضافہ کرے گا، اور یہ حصول ہمارے صارفین کے لیے غیر معمولی تجربات فراہم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔”
یہ دوبزل گروپ کی دو سال میں تیسری بڑی خریداری ہے۔ 2024 میں کمپنی نے مصر میں گاڑیوں کی خرید و فروخت کے معروف پلیٹ فارم "ہتلا تو لي” اور مشرق وسطیٰ میں آٹو نیوز کے نمایاں سورس "ڈرائیو عربیہ” کو حاصل کیا تھا۔
یہ تازہ ترین حصول گروپ کی اس حکمت عملی کو ظاہر کرتا ہے جس کے تحت وہ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں ہم آہنگ کاروباروں کو ضم کر کے اپنے نظام کو مضبوط، پروڈکٹس کو وسعت اور صارفین کا تجربہ بہتر بنانا چاہتا ہے۔
دوبزل اور بیوت دوبزل گروپ کے نمایاں پلیٹ فارمز ہیں جو یو اے ای، سعودی عرب اور مصر میں آن لائن کلاسیفائیڈ کے شعبے میں قیادت کر رہے ہیں۔ ان پر ماہانہ 4 کروڑ 70 لاکھ وزٹس اور ڈیڑھ کروڑ صارفین آتے ہیں۔