ٹپسخلیجی خبریںمتحدہ عرب امارات

اس مسافر کو دیکھ کر اپنی ماں کی یاد آئی، دبئی حکمران کی جانب سے سراہا گیا ایئرپورٹ ملازم عبداللہ البلوشی مسافروں کی خدمت کی وجہ بتاتے ہوئے جذباتی ہو گئے

خلیج اردو
دبئی: دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے تجربہ کار ملازم عبداللہ البلوشی، جنہیں حال ہی میں دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ایک معمر مسافرہ کے ساتھ شفقت بھرا برتاؤ کرنے پر خراج تحسین پیش کیا، نے کہا ہے کہ "میں نے اس مسافر میں اپنی ماں کو دیکھا”۔

عبداللہ البلوشی کے مطابق مسافروں کے ساتھ مہربانی کرنا DXB کے ہر ملازم کی فطرت کا حصہ ہے۔ انہوں نے خلیج ٹائمز کو بتایا: "یہ ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہے کہ ہم مسافروں کے ساتھ محبت و احترام سے پیش آئیں، خاص طور پر جب وہ معمر ہوں۔ اکثر یہ لوگ اکیلے اور سفر سے خوفزدہ ہوتے ہیں۔ میں ان سے بات کرتا ہوں تاکہ ان کی گھبراہٹ کم ہو۔ جب میں نے اس خاتون کو اپنے بیٹے کو باہر سے ہاتھ ہلاتے دیکھا تو میں نے بیٹے کو اندر بلا کر ماں سے آخری بار گلے ملنے کا موقع دیا۔”

یہ واقعہ ہیبا مصطفیٰ صالح نامی خاتون، جو اس مسافرہ کی بہو اور العربیہ 99 دبئی کی ریڈیو جاکی ہیں، نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔ ان کے ویڈیو پیغام کو بعد ازاں دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد نے اپنے X (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا: "سلام ہو اسے جو کسی مسافر کے چہرے پر مسکراہٹ اور دل میں خوشی پیدا کرے، یہی ہے وہ دبئی جس کی ہمیں خواہش ہے۔”

"میں رو پڑا”
عبداللہ نے بتایا کہ انہیں اس واقعے کے وائرل ہونے کا علم اس وقت ہوا جب وہ نائٹ شفٹ کے بعد گھر پر سو رہے تھے۔ "جب میں جاگا تو دفتر کی دس مس کالز تھیں۔ میں نے جب واپس کال کی تو مجھے کہا گیا کہ ایکس دیکھو۔ وہاں میں نے دیکھا کہ شیخ محمد نے میرے بارے میں ویڈیو شیئر کی ہے۔ میں حیران رہ گیا، خوشی کے مارے میری آنکھوں میں آنسو آ گئے۔”

17 سال سے DXB کا حصہ رہنے والے عبداللہ نے اپنے کام سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا: "میں روزانہ مسکراہٹ کے ساتھ کام پر جاتا ہوں۔ مجھے مختلف لوگوں سے ملنے اور ان کی مدد کرنے کا موقع ملتا ہے۔ مجھے فخر ہے کہ میں اپنے ملک کی نمائندگی کرتا ہوں، ان مسافروں کو خوش آمدید کہتا ہوں اور رخصت کرتے ہوئے واپسی کی امید دے کر رخصت کرتا ہوں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ دبئی ایئرپورٹ کا ہر شعبہ — امیگریشن، پولیس، بیگیج کاؤنٹرز — سب مل کر اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ مسافروں کو اعلیٰ ترین معیار کی خدمات فراہم ہوں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button