
خلیج اردو
وزارتی حکم نامہ نمبر 244 برائے 2025 میں ترمیم کے ذریعے کیا گیا یہ فیصلہ ان کمپنیوں اور اداروں پر لاگو ہوگا جن کی سالانہ آمدن 5 کروڑ درہم سے زائد ہے۔
متحدہ عرب امارات یکم جولائی سے ای اِن وائسنگ نظام کے آزمائشی مرحلے کا آغاز کرے گا، جس کے بعد مرحلہ وار لازمی نفاذ شروع کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں 5 کروڑ درہم سے زائد سالانہ آمدن رکھنے والے کاروباری ادارے شامل ہوں گے۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق کاروباری برادری کی جانب سے مزید تکنیکی سہولیات اور بہتر قیمتوں کے مطالبات موصول ہوئے تھے، جس کے بعد مارکیٹ کی تیاری کا تفصیلی جائزہ لے کر آخری تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ اب تک 32 سروس فراہم کنندگان کی منظوری دی جاچکی ہے جبکہ کئی دیگر ادارے منظوری کے آخری مراحل میں ہیں۔ وزارت کے مطابق مزید فراہم کنندگان کی شمولیت سے مربوط اور مسابقتی تکنیکی نظام تشکیل پانے میں مدد ملے گی۔
مقامی کمپنیوں کی معاونت کے لیے وزارتِ خزانہ نے وزارتی حکم نامہ نمبر 64 برائے 2025 میں بھی ترمیم کی ہے، جس کے تحت “وائٹ لیبل” نظام متعارف کرایا گیا ہے تاکہ اماراتی کمپنیاں عالمی ٹیکنالوجی اداروں کے ساتھ اشتراک کرسکیں۔
نئے فریم ورک کے ذریعے تکنیکی مہارت کی منتقلی ممکن ہوگی اور مقامی کمپنیاں اماراتی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق خدمات فراہم کرسکیں گی، جس سے ملک میں ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو مزید تیز کرنے میں مدد ملے گی۔
وزارتِ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ سروس فراہم کنندہ مقرر کرنے کی مہلت میں توسیع کے باوجود ای اِن وائسنگ نظام کے لازمی نفاذ کا شیڈول تبدیل نہیں کیا گیا۔ 5 کروڑ درہم سے زائد آمدن رکھنے والی کمپنیوں کو یکم جنوری 2027 تک مکمل نظام نافذ کرنا ہوگا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ای اِن وائسنگ نظام متحدہ عرب امارات میں ٹیکس نظام کو مزید شفاف، مؤثر اور مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔







