
خلیج اردو
ابوظہبی: وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ دبئی پولیس کی کارروائی کے بعد دو بین الاقوامی ملزمان کو فرانس اور بیلجیم کے حوالے کردیا گیا ہے۔ دونوں کی گرفتاری انٹرپول کے جاری کردہ ریڈ نوٹس کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی۔
ذرائع کے مطابق ان میں سے ایک ملزم فرانس کے حکام کو منشیات کی اسمگلنگ کے سنگین الزامات میں مطلوب تھا، جو ایک منظم مجرمانہ نیٹ ورک میں مرکزی سرغنے کے معاون کے طور پر کام کرتا رہا ہے اور یورپ کے متعدد ممالک میں سرگرم تھا۔
دوسرا ملزم بیلجیم کے حکام کو منشیات کی اسمگلنگ اور ایک مقامی جرائم پیشہ گروہ میں شمولیت کے الزامات میں مطلوب تھا۔
وزارت داخلہ کے مطابق یہ کارروائیاں یو اے ای کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ وہ سرحد پار منظم جرائم کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور دوست ممالک کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے انصاف کے فروغ اور خطے و عالمی سطح پر امن و استحکام کو مضبوط بنانے کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا۔






