
خلیج اردو
دبئی: متحدہ عرب امارات کی ایک عدالت نے بھارتی نژاد معروف تاجر ابو صباح اور دیگر ملزمان کو منظم جرائم پیشہ گروہ کے ذریعے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں پانچ سال قید کی سزا سنائی ہے۔ یہ اطلاع عربی روزنامہ "الامارات الیوم” نے جمعے کو دی۔
عدالت نے ہر ملزم پر 5 لاکھ درہم کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے، سزا مکمل ہونے کے بعد ان کی ملک بدری کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ منی لانڈرنگ سے حاصل کیے گئے 15 کروڑ درہم، کمپیوٹرز، موبائل فونز اور دیگر ضبط شدہ سامان بھی بحقِ سرکار ضبط کر لیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملزمان پر غیر قانونی ذرائع سے حاصل کی گئی رقوم کو جدید طریقوں سے چھپانے اور منتقل کرنے کے الزامات ثابت ہوئے۔ ملزمان نے جعلی کمپنیوں اور مشکوک بینک ٹرانزیکشنز کے ذریعے ایک منظم منی لانڈرنگ نیٹ ورک قائم کیا تھا۔
یہ مقدمہ دسمبر گزشتہ سال دبئی پولیس کی جانب سے پبلک پراسیکیوشن کو بھجوایا گیا تھا، جس کے بعد جنوری میں مقدمہ کریمنل کورٹ میں منتقل کیا گیا۔ عدالتی کارروائی مکمل ہونے پر جمعرات کے روز فیصلہ سنا دیا گیا، جو اب اپیل کے لیے کورٹ آف اپیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
سزا پانے والوں میں کچھ ملزمان ایسے بھی ہیں جنہیں عدم حاضری میں سزا سنائی گئی، جبکہ دیگر افراد اور تین کمپنیاں عدالت میں پیش ہوئیں۔ ہر کمپنی پر 5 کروڑ درہم کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ یہ گروہ بین الاقوامی اور مقامی شراکت داروں کے ساتھ وسیع مالی سرگرمیوں میں ملوث تھا۔ ملزمان نے جعلی شراکت داریوں اور فرنٹ کمپنیوں کے ذریعے غیر قانونی رقوم کا اصل ماخذ چھپایا۔







