
خلیج اردو
ابوظبی: اگر آپ متحدہ عرب امارات میں ایوی ایشن انڈسٹری میں ملازمت کے متلاشی ہیں تو یہ بہترین وقت ہے۔ اگرچہ وِز ایئر نے رواں سال ستمبر سے ابوظبی میں اپنی پروازیں بند کرنے کا اعلان کیا ہے، لیکن دیگر مقامی ایئر لائنز بشمول ایمریٹس، اتحاد، فلائی دبئی اور ایئرعریبیہ مختلف شعبہ جات میں بھرتیاں کر رہی ہیں۔
ایمریٹس ایئر لائن: دبئی میں ہفتہ وار بھرتی کی تقریبات
دبئی کی قومی ایئر لائن ایمریٹس اپنے کیریئرز پیج کے مطابق ہفتہ وار "صرف مدعو افراد” کیلئے بھرتی کی تقریبات منعقد کر رہی ہے۔ امیدواروں کو آن لائن درخواست دینا ہوگی تاکہ انہیں ان تقریبات میں مدعو کیا جا سکے۔
فی الوقت درج ذیل عہدوں پر بھرتیاں جاری ہیں:
-
مینٹیننس ٹیکنیشنز
-
کیبن کریو ریکروٹمنٹ ایڈوائزرز
-
ایئرپورٹ سروس ایجنٹس
-
بزنس سپورٹ آفیسرز
-
پورٹرز
-
سیلز سپورٹ ایجنٹس
-
پائلٹس کے محدود عہدے بھی دستیاب
ایمریٹس کی کیبن کریو کو ٹیکس سے مستثنیٰ ماہانہ تنخواہ دی جاتی ہے، جس میں تقریباً 4,430 درہم بنیادی تنخواہ اور 80 سے 100 پرواز کے گھنٹوں پر فی گھنٹہ 63.75 درہم کے حساب سے ادائیگی شامل ہے، یوں مجموعی تنخواہ 10,000 سے 12,000 درہم ماہانہ تک پہنچتی ہے۔ علاوہ ازیں، مفت اور مکمل طور پر فرنشڈ رہائش، یوٹیلیٹیز اور ٹرانسپورٹ فراہم کی جاتی ہے۔
ایمریٹس نے حالیہ دنوں میں ملازمین کو مالی سال 31 مارچ 2025 کے اختتام پر ریکارڈ منافع کی مناسبت سے 22 ہفتوں کی تنخواہ کے برابر بونس بھی دیا ہے۔
اتحاد ایئر ویز: 70 سے زائد آسامیاں
ابوظبی میں قائم اتحاد ایئر ویز اپنی ویب سائٹ پر 70 سے زائد خالی آسامیوں کے لیے بھرتی کر رہا ہے۔ ان میں شامل ہیں:
-
کیبن کریو
-
پائلٹس
-
کیپٹن
-
سیلز آفیسرز
کچھ آسامیوں کے ساتھ رہائش، ٹرانسپورٹ اور میڈیکل کی سہولتیں بھی دی جا رہی ہیں۔ اتحاد ایئر ویز اپنے پائلٹس کو ٹیکس فری تنخواہ کے ساتھ پرفارمنس بیسڈ شیئرنگ، پروویڈنٹ فنڈ، ریٹائرمنٹ بینیفٹس اور مکمل میڈیکل، ڈینٹل و لائف انشورنس کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے۔
فلائی دبئی: متعدد مواقع
فلائی دبئی نے بھی متعدد آسامیوں کا اعلان کیا ہے، تاہم ان کی درست تعداد ظاہر نہیں کی گئی۔ خواہشمند افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ کمپنی کی آفیشل ویب سائٹ پر آن لائن اپلائی کریں۔
ایئر عریبیہ: شارجہ اور بین الاقوامی سطح پر بھرتی
شارجہ کی ایئرلائن ایئر عریبیہ بھی سرگرمی سے بھرتیاں کر رہی ہے۔ ان کے کیریئرز پیج پر مندرجہ ذیل شعبہ جات میں مواقع دستیاب ہیں:
-
کیبن کریو
-
پائلٹس
-
گراؤنڈ آپریشنز
-
انجینئرنگ
ایئر عریبیہ کی بھرتیاں نہ صرف متحدہ عرب امارات بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی جاری ہیں۔







