متحدہ عرب امارات

یو اے ای میں بھارتی خاتون نے 20 سال سے فراڈ میں ملوث گروہ کے سرغنہ کو کیفر کردار تک پہنچا دیا

خلیج اردو
اجمان: متحدہ عرب امارات میں 20 سال سے سپلائرز کو جعلی کمپنیوں کے ذریعے کروڑوں کا نقصان پہنچانے والے موئیدنبا عمر بیری کو ایک بھارتی کاروباری خاتون شاہینہ شبیر نے قانونی جنگ کے بعد انجام تک پہنچا دیا۔ اجمان کی وفاقی عدالت نے بیری کو دھوکہ دہی اور جعلی چیک کے ذریعے شاہینہ کو 37,878 درہم کا نقصان پہنچانے کا مجرم قرار دیا، جس کے بعد اسے بھارت ڈی پورٹ کر دیا گیا۔

شاہینہ شبیر، جو ‘پین پال ٹریڈنگ’ کی مالک ہیں، نے گزشتہ سال جون میں بیری کی فرنٹ کمپنی ‘سیون ایمریٹس اسپائسز’ کو ہاسپیٹیلٹی سامان فراہم کیا تھا۔ شاہینہ نے خلیج ٹائمز کو بتایا کہ کاروبار کے آغاز میں ہی مالی نقصان ایک بڑا دھچکہ تھا مگر انہوں نے ہار نہ مانی اور قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا۔

شاہینہ نے کہا، "مجھے یقین تھا کہ اگر صحیح لوگ معاملہ دیکھیں گے تو انصاف ضرور ملے گا۔ دیگر متاثرین نے مجھے کہا کہ یہ کیس آگے نہیں بڑھے گا، مگر میں نے اس ملک کے نظام انصاف پر بھروسہ رکھا۔”

بیری نے جعلی کمپنیوں کے ذریعے بے روزگار بھارتی افراد کو فرنٹ مین کے طور پر استعمال کیا اور خود کو مالکانہ حیثیت میں متعارف کروا کر فراڈ کرتا تھا۔ شاہینہ نے اجمان پولیس کی فوری کارروائی کو سراہا اور کہا کہ ان کی جدوجہد کا اصل کریڈٹ اجمان پولیس کو جاتا ہے۔

عدالت نے شاہینہ کو 41,878 درہم کے مادی اور اخلاقی ہرجانے کی رقم دلواتے ہوئے بیری اور اس کے ساتھی کو مشترکہ طور پر ذمہ دار ٹھہرایا۔ شاہینہ نے کہا کہ ان کی جدوجہد کا مقصد صرف ذاتی انصاف نہیں بلکہ دیگر چھوٹے کاروباری افراد کو یہ پیغام دینا تھا کہ فراڈ کے خلاف آواز اٹھانا ضروری ہے اور یو اے ای میں انصاف ضرور ملتا ہے۔

خلیج ٹائمز کی تحقیقات کے مطابق بیری کا فراڈ ماڈل نہایت سادہ مگر مؤثر تھا۔ وہ جعلی کمپنیاں قائم کرتا، دفاتر اور تجارتی لائسنس حاصل کرتا، اور جعلی چیکوں کے ذریعے سامان حاصل کر کے فرنٹ مینوں کو ملک بدر کر دیتا۔ حاصل شدہ سامان تیسرے فریق کو فروخت کر کے رقم ہتھیائی جاتی۔

بیری کم از کم درجن بھر ایسی کمپنیوں سے منسلک پایا گیا جن میں ‘رائل جنرل ٹریڈنگ’, ‘برازا جنرل ٹریڈنگ’, ‘لائف لائن سرجیکل ٹریڈنگ’ اور ‘سلیم الیکٹریکل ڈیوائسز’ شامل ہیں۔ ایک اور متاثرہ کاروباری خاتون نے بتایا کہ انہوں نے 2016 میں بیری کی کمپنی کے ہاتھوں 60,000 درہم کا نقصان اٹھایا تھا۔

بیری کو اگست 2023 میں گرفتار کیا گیا اور جون 2025 میں سزا سنائے جانے تک جیل میں رکھا گیا۔ بعد ازاں 20 جون کو اسے بھارت ڈی پورٹ کیا گیا جہاں وہ جعلی کرنسی اسمگلنگ کے مقدمے میں مطلوب ہے۔ انٹرپول نے 2013 میں اس کے خلاف ریڈ نوٹس جاری کیا تھا جبکہ بھارتی سی بی آئی اور این آئی اے نے اس کی گرفتاری میں اہم کردار ادا کیا۔

بیری کے اہل خانہ نے اس حوالے سے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button