متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات میں دوپہر کے وقفے کی خلاف ورزی پر 50 ہزار درہم تک جرمانہ، کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی کا انتباہ

خلیج اردو

متحدہ عرب امارات کی وزارتِ انسانی وسائل و اماراتائزیشن نے خبردار کیا ہے کہ گرمی کے موسم میں دوپہر کے لازمی وقفے کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ہر متاثرہ کارکن پر 5 ہزار درہم جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ متعدد خلاف ورزیوں کی صورت میں مجموعی جرمانہ 50 ہزار درہم تک پہنچ سکتا ہے۔

وزارت کے مطابق خلاف ورزی کی نوعیت اور شدت کو دیکھتے ہوئے کمپنی کا ریکارڈ معطل کیا جا سکتا ہے، درجہ بندی کم کی جا سکتی ہے، جبکہ اگر کسی کارکن کو نقصان پہنچے یا قانونی ذمہ داری پوری نہ کی جائے تو معاملہ سرکاری استغاثہ کے حوالے بھی کیا جا سکتا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں 15 جون سے 15 ستمبر تک روزانہ دوپہر ساڑھے بارہ بجے سے سہ پہر تین بجے تک کھلی جگہوں اور براہِ راست دھوپ میں کام کرنے پر پابندی نافذ ہے۔ اس پالیسی کا مقصد شدید گرمی کے دوران کارکنوں کو ہیٹ اسٹروک اور دیگر طبی خطرات سے محفوظ رکھنا ہے۔

وزارت نے واضح کیا کہ بعض ناگزیر کام، جیسے پانی، بجلی اور مواصلاتی نظام کی ہنگامی مرمت، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور عوامی سلامتی سے متعلق سرگرمیاں اس پابندی سے مستثنیٰ ہیں، تاہم ان اداروں پر بھی کارکنوں کی حفاظت کے تمام تقاضے پورے کرنا لازمی ہوں گے۔

وزارت نے ہدایت کی ہے کہ مستثنیٰ کام کرنے والی کمپنیوں کو کارکنوں کے لیے سایہ دار آرام گاہیں، ٹھنڈا پینے کا پانی، جسم میں نمکیات بحال رکھنے والے مشروبات، پنکھے یا دیگر ٹھنڈک کا سامان اور ابتدائی طبی امداد کی سہولت فراہم کرنا ہوگی۔

وزارتِ انسانی وسائل و اماراتائزیشن نے بتایا کہ اس کے انسپکشن اہلکار جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے خلاف ورزیوں کی نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ عوام کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع وزارت کے کال سینٹر، اسمارٹ ایپلی کیشن یا ویب سائٹ کے ذریعے دے سکتے ہیں۔

یہ پالیسی مسلسل بائیسویں سال نافذ کی جا رہی ہے اور اس کا مقصد موسمِ گرما میں کارکنوں کی صحت، حفاظت اور محفوظ کام کے ماحول کو یقینی بنانا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button