
خلیج اردو
دبئی: دبئی ہیڈکوارٹر رکھنے والے کنگلومریٹ ماجد الفطیم نے واضح کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں کیریفور کے آپریشنز بند کرنے کا کوئی فوری منصوبہ نہیں ہے۔ یہ وضاحت حالیہ دنوں بحرین، کویت، عمان اور اردن میں کیریفور اسٹورز بند کرنے کے بعد سامنے آئی ہے۔
ماجد الفطیم ریٹیل کے سی ای او گنٹر ہلم نے دبئی آئی کے بزنس بریک فاسٹ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "یو اے ای میں فی الحال ایسا کوئی منصوبہ موجود نہیں۔” یہ گروپ کی جانب سے ان ممالک میں آپریشنز کی بندش پر پہلا عوامی بیان تھا۔
کمپنی نے کہا کہ چار مارکیٹس میں کیریفور کی بندش کا فیصلہ مالی مشکلات کے باعث نہیں بلکہ صارفین کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔ ان ممالک میں کیریفور کے بجائے ماجد الفطیم نے اپنی نئی برانڈ ہائپر میکس متعارف کرائی ہے جو مقامی طور پر حاصل کردہ مصنوعات اور سروسز پیش کرتی ہے۔
کمپنی کے مطابق ہائپر میکس کو دیگر مارکیٹس میں پھیلانے کا فی الحال کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ماجد الفطیم اپنے بزنس ماڈلز کا مسلسل جائزہ لیتا ہے تاکہ بدلتے ہوئے مارکیٹ حالات کے مطابق خود کو ڈھال سکے۔
واضح رہے کہ کیریفور نے رواں ماہ بحرین اور کویت میں اپنے آپریشنز بند کیے، جبکہ عمان میں یہ مرحلہ جنوری 2025 میں مکمل ہوا اور اردن میں گزشتہ سال کیریفور کی سرگرمیاں ختم کر دی گئی تھیں۔ چاروں مارکیٹس میں اب ہائپر میکس کے 60 اسٹورز فعال ہیں۔







