
خلیج اردو
دبئی: متحدہ عرب امارات نے 2026 کے لیے عوامی تعطیلات کا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس میں رہائشیوں کے پاس اپنی سالانہ چھٹیوں کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے لمبی اور پرسکون چھٹیاں گزارنے کے کئی مواقع موجود ہیں۔ یو اے ای کے ’’ٹرانسفر ایبل‘‘ پبلک ہالیڈے قانون کی بدولت اس سال مختلف مواقع پر چند دن کی سالانہ چھٹی لے کر ویک اینڈز کو ملا کر بڑے بریک بنانا پہلے سے زیادہ آسان ہو گیا ہے۔
نئے سال کا آغاز ایک آسان موقع کے ساتھ ہوگا۔ یکم جنوری بروز جمعرات کو نئے سال کی تعطیل ہے، اور اگر حکومت اسے جمعے کی طرف منتقل کرتی ہے تو تین روزہ ویک اینڈ مل سکتا ہے، جبکہ ایک دن کی چھٹی لے کر چار دن کا بریک بھی ممکن ہے۔
مارچ میں عیدالفطر کی متوقع تعطیلات جمعہ سے اتوار 20 تا 22 مارچ ہوں گی، تاہم حتمی تاریخیں رویتِ ہلال کے بعد طے ہوں گی۔ اگر رہائشی 16 تا 19 مارچ سالانہ چھٹی لیں تو 14 مارچ سے 22 مارچ تک پورے نو دن کی چھٹیاں حاصل ہو سکتی ہیں۔
مئی میں عرفہ اور عیدالاضحی کی طویل تعطیلات سال کا بہترین موقع ثابت ہو سکتی ہیں۔ عرفہ ڈے 26 مئی اور عیدالاضحی 27 سے 29 مئی تک متوقع ہے۔ اگر 25 مئی کو ایک دن سالانہ چھٹی لی جائے تو دونوں ویک اینڈ ملا کر نو روزہ بریک بن سکتا ہے۔
جون میں نیا ہجری سال 16 جون بروز منگل کو متوقع ہے۔ اگر 15 جون کو چھٹی لی جائے تو چار روزہ آرام دہ بریک حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ممکن ہے کہ یہ تعطیل بھی حکومتی فیصلے کے تحت ’ٹرانسفر‘ ہو سکے۔
اگست میں عید میلاد النبی کی تعطیل 25 اگست بروز منگل کو متوقع ہے۔ 24 اگست کو چھٹی لے کر چار دن کی تعطیلات بنائی جا سکتی ہیں، بشرطِیکہ حکومتی فیصلہ اسی تاریخ کو برقرار رکھے۔
دسمبر میں یو اے ای نیشنل ڈے (عید الاتحاد) کی تعطیلات 2 اور 3 دسمبر بروز بدھ اور جمعرات ہوں گی۔ اگر رہائشی 30 نومبر، یکم دسمبر اور 4 دسمبر کی چھٹی لیں تو سال کے اختتام پر نو دن کی بہترین بریک حاصل ہو سکتی ہے۔ اگر حکومت تعطیلات کو منتقل کرنے کا فیصلہ کرے تو یہ بریک مزید آسانی سے بڑھایا جا سکتا ہے۔
مجموعی طور پر 2026 میں 12 سرکاری تعطیلات اور 11 سالانہ چھٹیوں کو مناسب منصوبہ بندی کے ساتھ ملا کر، رہائشی 39 دن تک آرام دہ چھٹیاں حاصل کر سکتے ہیں، وہ بھی بغیر کسی اصول کی خلاف ورزی کے۔







