متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات میں نایاب فلکیاتی منظر: پانچ گھنٹے پر محیط ’خونی چاند‘ کا نظارہ 7 ستمبر کو

خلیج اردو
دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات اگلے ماہ سال کا سب سے بڑا فلکیاتی واقعہ دیکھنے جا رہا ہے۔ 7 ستمبر 2025 کو ملک بھر میں مکمل چاند گرہن ہوگا جو ایک گھنٹہ 22 منٹ تک برقرار رہے گا، جب کہ اس کے مختلف مراحل کا مشاہدہ لگ بھگ ساڑھے پانچ گھنٹے تک کیا جا سکے گا۔

ماہرین فلکیات کے مطابق یہ نایاب مظہر "بلڈ مون” کہلاتا ہے، جب زمین سورج اور چاند کے درمیان آ کر اپنی چھایا ڈالتی ہے اور سورج کی روشنی زمین کے ماحول سے گزرتے ہوئے چاند کو سرخ کر دیتی ہے۔

دبئی ایسٹرونومی گروپ نے بتایا کہ دنیا کی تقریباً 87 فیصد آبادی اس گرہن کو جزوی یا مکمل طور پر دیکھ سکے گی۔ مشرقِ وسطیٰ، ایشیا، یورپ، افریقہ اور آسٹریلیا میں مکمل گرہن دکھائی دے گا، جب کہ امریکہ کے بعض حصوں میں صرف جزوی مراحل نظر آئیں گے۔

یو اے ای میں مراحل اور اوقات

  • شام 7:28 بجے: نیم سایہ (Penumbral) کا آغاز

  • رات 8:27 بجے: جزوی گرہن شروع

  • رات 9:30 بجے: مکمل گرہن (Totality) شروع

  • رات 10:12 بجے: زیادہ سے زیادہ گرہن

  • رات 10:53 بجے: مکمل گرہن ختم

  • رات 11:56 بجے: جزوی گرہن اختتام پذیر

  • رات 12:55 بجے: نیم سایہ ختم

ماہرین کا کہنا ہے کہ گرہن کو دیکھنے کے لیے کسی خاص چشمے یا فلٹر کی ضرورت نہیں، یہ ننگی آنکھ سے بالکل محفوظ ہے۔ البتہ دوربین کے ذریعے چاند کی سطح اور سرخ رنگت کو زیادہ واضح دیکھا جا سکتا ہے۔

عوامی اجتماع اور لائیو اسٹریم
دبئی ایسٹرونومی گروپ جلد ہی ایک بڑے عوامی اجتماع کا اعلان کرے گا، جہاں شہری اس مظہر کا اجتماعی مشاہدہ کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ ابو ظہبی کے السدیم آبزرویٹری سے براہِ راست عالمی نشریات بھی ہوں گی۔ خاص طور پر ایک منفرد تصویر میں بلڈ مون کو برج خلیفہ کے پس منظر میں دکھایا جائے گا۔

فلکیاتی ماہرین کے مطابق اس کے بعد اگلا مکمل چاند گرہن 31 دسمبر 2028 کو نئے سال کی شب پر نظر آئے گا، جبکہ 6 جولائی 2028 کو صرف جزوی گرہن دیکھا جا سکے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button