
خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے انتظامات متحدہ عرب امارات کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی۔
ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انٹرگورنمنٹل کمرشل ٹرانزیکشنز (CCoIGCT) کا اجلاس ہوا، جس میں ایئرپورٹ آپریشنز کی منتقلی پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں وزیر پیٹرولیم و مشیر نجکاری طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاونین خصوصی، وفاقی سیکریٹریز اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آپریشنز کو فریم ورک ایگریمنٹ کے تحت حکومت سے حکومت (G2G) ماڈل پر متحدہ عرب امارات کے حوالے کیا جائے گا۔
ایئرپورٹ کی نجکاری کے اس منصوبے کا مقصد ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری لانا اور انتظامی صلاحیت کو بہتر بنانا ہے۔
مزید یہ کہ ایک مذاکراتی کمیٹی قائم کی گئی ہے جس کی سربراہی وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری کریں گے۔ کمیٹی میں وزارت دفاع، خزانہ، قانون و انصاف اور نجکاری کے نمائندے شامل ہوں گے۔
2018 میں کھلنے والا اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ گزشتہ برسوں میں متعدد انتظامی اور مالی مشکلات کا شکار رہا۔ حکام کے مطابق یو اے ای، جہاں دنیا کے بڑے اور مصروف ترین ایئرپورٹس موجود ہیں، کے انتظامی تجربے سے ایئرپورٹ کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔







