
خلیج اردو
ابوظہبی: حکام نے ڈرائیوروں کو خبردار کیا ہے کہ سڑک کے بیچ میں اچانک گاڑی روکنے سے مہلک حادثات پیش آ سکتے ہیں۔ پولیس نے کہا ہے کہ ڈرائیورز کو چاہیے کہ قریب ترین ایگزٹ تک جائیں تاکہ اپنی اور دیگر سڑک استعمال کرنے والوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
ابوظہبی پولیس ٹریفک اینڈ سکیورٹی پٹرول ڈائریکٹوریٹ کے کرنل محمود یوسف البلوشی نے کہا کہ اچانک رکنے سے پیچھے آنے والے ڈرائیورز کو بریک لگانے کا وقت نہیں ملتا، جس کے نتیجے میں سنگین حادثات اور کار پائل اپ کے واقعات ہو سکتے ہیں۔
پولیس کے مطابق اگر معمولی ٹریفک حادثے کے باعث رکنا ضروری ہو تو ڈرائیورز کو گاڑی کو فوراً قریبی محفوظ پارکنگ تک منتقل کرنا چاہیے۔ گاڑی خراب ہو جانے کی صورت میں صرف ہنگامی حالات میں دائیں جانب ہارڈ شولڈر استعمال کرنے کی اجازت ہے، اور اس دوران ہیزرڈ لائٹس لازمی آن کرنی چاہئیں۔
اسی طرح اگر سڑک پر کوئی رکاوٹ کی وجہ سے اچانک رفتار کم کرنا یا رکنا پڑے تو بھی ہیزرڈ لائٹس آن کر کے دیگر ڈرائیورز کو آگاہ کرنا ضروری ہے۔
پولیس نے کہا کہ مقررہ رفتار کی پابندی، اشاروں کا درست استعمال اور مناسب فاصلہ رکھنا سڑکوں پر زندگیاں محفوظ بنانے کے لیے ضروری ہے۔
قانون کے مطابق بغیر جواز سڑک پر گاڑی کھڑی کرنے پر ڈرائیورز کو ایک ہزار درہم جرمانہ اور چھ بلیک پوائنٹس دیے جائیں گے، جب کہ ٹریفک میں رکاوٹ ڈالنے پر 500 درہم جرمانہ عائد کیا جائے گا۔







