
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات نے تصدیق کی ہے کہ امریکا میں سائیکلو اسپوریاسس (Cyclosporiasis) کے پھیلاؤ سے منسلک لیٹش مصنوعات یو اے ای کی مقامی مارکیٹ میں موجود نہیں ہیں۔
یو اے ای کی وزارتِ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات کے مطابق حکام دنیا کے مختلف حصوں میں تازہ سبزیوں اور پھلوں سے متعلق فوڈ سیفٹی الرٹس اور آلودگی کے ممکنہ ذرائع کی نگرانی کر رہے ہیں، خاص طور پر وسطی میکسیکو سے آنے والے لیٹش پر توجہ دی جا رہی ہے۔
حکام نے بتایا کہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ملک میں داخل ہونے والی خوراک کی کھیپوں کی نگرانی اور معائنہ کیا جا رہا ہے جبکہ مارکیٹ میں دستیاب غذائی مصنوعات کی حفاظت کی بھی تصدیق کی جا رہی ہے۔
وزارت نے کہا کہ عوام کی صحت کے تحفظ اور خوراک کے اعلیٰ ترین حفاظتی معیار کو یقینی بنانے کے لیے احتیاطی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
سائیکلو اسپوریاسس کیا ہے؟
سائیکلو اسپوریاسس ایک قسم کی غذائی بیماری ہے جو ایک پیراسائٹ کے باعث ہوتی ہے اور آلودہ پانی یا کچی غذاؤں، خصوصاً بیریز، جڑی بوٹیوں اور سبز پتوں والی سبزیوں کے ذریعے انسان کو متاثر کر سکتی ہے۔
اس کی عام علامات میں شدید اور پانی جیسے دست، بھوک میں کمی، پیٹ پھولنا، شدید تھکن، ہلکا بخار، پیٹ میں مروڑ، متلی اور قے شامل ہیں۔
امریکا میں لیٹش واپس منگوا لیا گیا
امریکا کی متعدد ریاستوں میں سائیکلو اسپوریاسس کے کیسز سامنے آنے کے بعد امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے تحقیقات شروع کی ہیں۔
5 اگست کو Taylor Farms de Mexico نے وسطی میکسیکو سے حاصل کیا گیا تمام آئس برگ لیٹش واپس منگوانے کا اعلان کیا۔ کمپنی کے مطابق متاثرہ مصنوعات کم از کم 27 امریکی ریاستوں میں صارفین، ریستورانوں اور ریٹیلرز کو فراہم کی گئی تھیں۔
یو اے ای حکام نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ تازہ پھلوں اور سبزیوں کو استعمال سے قبل اچھی طرح دھوئیں اور خوراک صرف منظور شدہ اور مجاز دکانوں سے خریدیں۔







