متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات کے اسکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات سے قبل مصروفیات عروج پر، امتحانات، سرگرمیاں اور اگلی جماعتوں کی تیاری بیک وقت جاری

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات بھر کے اسکول تعلیمی سال کے آخری مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں جہاں طلبہ امتحانات، تعلیمی سرگرمیوں، کیریئر رہنمائی، اگلی جماعتوں کی تیاری اور سالانہ تقریبات میں بیک وقت مصروف ہیں۔ ماہرین تعلیم کے مطابق طلبہ پر اضافی دباؤ ڈالنے کے بجائے محدود وقت میں مختلف سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں مکمل کیا جا رہا ہے۔

بلومنگٹن اکیڈمی کی پرنسپل حسینہ بیگم نور شریف نے بتایا کہ اسکول نے کنڈرگارٹن سے گریڈ 12 تک تمام طلبہ کے لیے خصوصی ٹرانزیشن کلاسز کا انعقاد کیا ہے تاکہ وہ اگلے تعلیمی مرحلے کے لیے بہتر انداز میں تیار ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ گریڈ 10 سے 12 کے کیمبرج پورٹ فولیو جمع ہونے کے بعد اے ایس اور اے لیول کی تیاری کی کلاسیں شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ گریڈ 9 سے 12 کے طلبہ کو انفرادی کیریئر کونسلنگ اور انٹرن شپ کے مواقع بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔

حسینہ شریف کے مطابق امتحانات مکمل ہونے کے بعد بھی 3 جولائی 2026 تک دو ہفتوں کی باقاعدہ تدریسی کلاسیں جاری رہیں گی تاکہ تعلیمی خلا کو پُر کیا جا سکے اور طلبہ کی اگلے تعلیمی سال میں منتقلی آسان بنائی جا سکے۔

دوسری جانب جیمز رائل دبئی اسکول کے پرنسپل اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جان اسٹیل نے کہا کہ طلبہ کو آخری مہینے میں مصروفیت زیادہ محسوس ہو سکتی ہے کیونکہ امتحانات، نصابی سرگرمیاں، خصوصی پروگرام اور سالِ نو کی تقریبات ایک ہی وقت میں منعقد ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا، "یہ نہیں کہ اس سال پڑھائی یا امتحانات پر زیادہ زور دیا جا رہا ہے، البتہ آن لائن تعلیم کے بعد مختلف سرگرمیوں کو مختصر مدت میں مکمل کرنا ضروری ہو گیا ہے۔”

تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسکول صرف تعلیمی نتائج پر توجہ نہیں دے رہے بلکہ طلبہ کی ذہنی اور جذباتی صحت کو بھی ترجیح دی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے والدین، اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی تعلیمی یا نفسیاتی مسئلے کو بروقت حل کیا جا سکے۔

وڈلم پارک اسکول حمیدیہ کی پرنسپل شائنی ڈیوسن نے کہا کہ آن لائن کلاسوں کے باوجود تعلیمی کیلنڈر اور نصاب کی منصوبہ بندی پہلے سے موجود تھی، جس کی وجہ سے تدریسی عمل متاثر نہیں ہوا اور طلبہ کو غیر ضروری دباؤ کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

ادھر جیمز رائل دبئی اسکول نے واضح کیا ہے کہ تعلیمی سال کے آخری دن تک معیاری تعلیم کی فراہمی جاری رہے گی اور اس دوران طلبہ کی کامیابیوں کو بھی سراہا جائے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button