
خلیج اردو
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کی وزارت تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ نئے تعلیمی سال 2025-26 میں طلبہ کو مجموعی طور پر 135 دن کی تعطیلات دی جائیں گی جبکہ تدریسی ایام کی تعداد 178 ہوگی۔ سرکاری اعلان کے مطابق نیا تعلیمی سال 313 دنوں پر مشتمل ہوگا جن میں ہفتہ وار تعطیلات، عوامی چھٹیاں اور سمیسٹر بریک شامل ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق طلبہ کو 68 ویک اینڈ چھٹیاں، 4 سرکاری تعطیلات، پہلے سمیسٹر کے دوران 7 دن کی چھٹی، 30 دن سرمائی تعطیلات، دوسرے سمیسٹر میں 5 دن، بہار کی 14 دن کی چھٹی اور تیسرے سمیسٹر کے دوران 7 دن کی مڈٹرم بریک ملے گی۔
وزارت تعلیم کے مطابق نئے کیلنڈر کو مذہبی ایام کے ساتھ ہم آہنگ کیا گیا ہے۔ عید الفطر اسپرنگ بریک کے ساتھ، عید الاضحی تیسرے سمیسٹر کے مڈٹرم بریک کے ساتھ اور نئے سال کی تعطیل سرمائی چھٹیوں کے ساتھ منسلک ہوگی۔
ماہرین تعلیم کے مطابق یہ تعطیلات طلبہ کو ذہنی و جسمانی سکون فراہم کریں گی اور ان کی تعلیمی کارکردگی بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔ وزارت تعلیم نے کہا ہے کہ یہ نیا کیلنڈر خاندانی ہم آہنگی، تعلیمی بہتری اور سیاحت و ثقافت کے فروغ میں بھی کردار ادا کرے گا۔







