
خلیج اردو
ابوظہبی: یو اے ای کے علاقے سویحان، العین میں جمعہ کے روز درجہ حرارت 51.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، جو رواں سال کا اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔ ماہرین صحت نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ خاص طور پر المرزم کے دنوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، جو گرمیوں کے دوران خطے کا سب سے شدید گرم مرحلہ سمجھا جاتا ہے۔
فی الوقت یو اے ای میں "وغرۃ القیظ” یا "جھلسا دینے والی گرمی” کا مرحلہ جاری ہے، جو 29 جولائی سے 10 اگست تک رہتا ہے۔ اس دوران شدید خشک صحرائی ہوائیں (سموم) چلتی ہیں، جو پانی کی کمی، ہیٹ اسٹروک اور دیگر صحت کے مسائل کا سبب بن سکتی ہیں۔
برجیل ہولڈنگز کے سینٹر فار کلائمٹ اینڈ ہیلتھ کے ماہر ڈاکٹر محمد فتیان نے کہا کہ "حال ہی میں ہیٹ سے متعلق ایمرجنسی کیسز میں واضح اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ پانی کی کمی، جلد جھلسنے، تھکن اور دل یا گردوں کی بیماریوں میں شدت کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔”
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں صحت مند افراد بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ بچوں، بزرگوں اور بیرونی کام کرنے والے افراد کے لیے خطرہ زیادہ ہوتا ہے کیونکہ ان کا جسمانی درجہ حرارت کنٹرول کرنے کی صلاحیت کم ہو جاتی ہے۔
لائف کیئر اسپتال، مصفحہ کے ماہر طبِ داخلی ڈاکٹر بایجو فیصل نے شہریوں کو سورج کی براہ راست روشنی سے بچنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ "چند منٹ کی دھوپ میں بھی بے ہوشی، ہیٹ اسٹروک اور الیکٹرولائٹس کی کمی جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، خاص طور پر دمہ یا ذیابیطس کے مریضوں میں۔”
انہوں نے خبردار کیا کہ صرف پانی زیادہ مقدار میں پینا اور الیکٹرولائٹس نہ لینا بزرگ افراد میں سوڈیم کی کمی اور ذہنی الجھن پیدا کر سکتا ہے۔
ڈاکٹرز نے مشورہ دیا کہ شہری روزانہ کم از کم 3 سے 4 لیٹر پانی پئیں، جس میں ناریل کا پانی، اورل ری ہائیڈریشن سلوشن (ORS) اور تربوز و مالٹے جیسے پانی سے بھرپور پھل شامل ہوں۔ ہلکے رنگوں کے ڈھیلے کپڑے پہنیں، صبح 10 بجے سے شام 4 بجے کے درمیان دھوپ سے بچیں اور سن اسکرین کا استعمال کریں۔
شدید گرمی کے باوجود دبئی میں فٹنس کو فروغ دینے کے تخلیقی اقدامات جاری ہیں۔ اس ہفتے دبئی مال میں "دبئی مالاتھون” کا آغاز کیا گیا ہے، جہاں شہری صبح 7 سے 10 بجے تک فری میں انڈور واک یا جاگنگ کر سکتے ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات شہریوں کو ہیٹ اسٹروک کے خطرات سے بچاتے ہوئے جسمانی صحت برقرار رکھنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ المرزم کا مرحلہ 10 اگست تک جاری رہے گا اور اس دوران پانی کا زیادہ استعمال، براہ راست گرمی سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہی صحت مند رہنے کا واحد راستہ ہے۔







