
خلیج اردو
دبئی: ٹک ٹاک نے سال 2025 کی پہلی سہ ماہی کے دوران متحدہ عرب امارات میں ایک ملین سے زائد ویڈیوز اپنی کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر ہٹا دیں۔ اس عرصے میں پلیٹ فارم نے 87 ہزار کے قریب لائیو ہوسٹس پر پابندی عائد کی اور 1 لاکھ 40 ہزار سے زائد لائیو اسٹریمز بند کر دیں۔
یہ اعداد و شمار ٹک ٹاک کی پہلی سہ ماہی 2025 کی کمیونٹی گائیڈ لائنز انفورسمنٹ رپورٹ میں جاری کیے گئے ہیں، جس میں مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ (مینا) میں پلیٹ فارم کے حفاظتی اقدامات کو نمایاں کیا گیا ہے۔ جنوری سے مارچ کے دوران پانچ مینا ممالک — یو اے ای، مصر، عراق، لبنان اور مراکش — میں مجموعی طور پر 1 کروڑ 65 لاکھ سے زائد ویڈیوز ہٹائی گئیں۔
یو اے ای میں ٹک ٹاک نے 98.2 فیصد ویڈیوز خودکار نظام کے تحت اس وقت ہٹا دیں جب تک صارفین ان کی شکایت بھی نہ کر پاتے۔ اس کے علاوہ، 94 فیصد خلاف ورزی کرنے والا مواد 24 گھنٹوں کے اندر ہٹا دیا گیا، جو پلیٹ فارم کی تیز رفتار مانیٹرنگ کا ثبوت ہے۔
مینا ریجن میں ٹک ٹاک کی مانیٹرنگ سرگرمیوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا:
* عراق میں 1 کروڑ سے زائد ویڈیوز ہٹائی گئیں، 99.5 فیصد پرو ایکٹیو ریٹ کے ساتھ، اور 6 لاکھ 50 ہزار کے قریب لائیو اسٹریمز بند کی گئیں۔
* مصر میں 29 لاکھ ویڈیوز ہٹائی گئیں اور 3 لاکھ 47 ہزار سے زائد لائیو ہوسٹس پر پابندی لگائی گئی۔
* لبنان میں 13 لاکھ ویڈیوز ہٹائی گئیں اور 45 ہزار کے قریب لائیو اسٹریمز بند ہوئیں۔
* مراکش میں 10 لاکھ سے زائد ویڈیوز ہٹائی گئیں اور 77 ہزار سے زائد لائیو اسٹریمز متاثر ہوئیں۔
ٹک ٹاک نے اپیلز کے عمل میں بھی مثبت کارکردگی ظاہر کی۔ اگر صارفین کو لگے کہ ان کی ویڈیو غلطی سے ہٹائی گئی ہے تو وہ اس کے خلاف اپیل کر سکتے ہیں۔ یو اے ای میں 41,148 ویڈیوز اپیل کے بعد بحال کی گئیں۔ عراق نے اس فہرست میں سب سے زیادہ 2 لاکھ 9 ہزار ویڈیوز کی بحالی کے ساتھ سبقت لی، جس کے بعد مصر، مراکش اور لبنان کا نمبر آتا ہے۔
ٹک ٹاک نے بتایا کہ وہ خودکار سسٹمز اور انسانی مانیٹرز دونوں کی مدد سے اپنی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کراتا ہے۔ صارفین کو مواد ہٹانے پر نوٹیفکیشن موصول ہوتا ہے اور انہیں اپیل کرنے کا حق دیا جاتا ہے۔
کمپنی نے خطے میں ڈیجیٹل لٹریسی پروگرامز اور کمیونٹی انگیجمنٹ مہمات بھی شروع کر رکھی ہیں تاکہ صارفین کو محفوظ اور ذمہ دارانہ مواد شیئر کرنے کی تعلیم دی جا سکے۔
ٹک ٹاک کا کہنا ہے کہ یہ رپورٹ اس کے "جدید مانیٹرنگ ٹیکنالوجیز میں جاری سرمایہ کاری” اور "محفوظ، باوقار اور جامع ماحول قائم رکھنے کے عزم” کی عکاس ہے۔







