
خلیج اردو
دبئی: متحدہ عرب امارات کے ہوٹلز نے گرمیوں کی تعطیلات کے دوران انفرادی اور خاندانی سیاحوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے اپنی آفرز اور سہولیات میں اضافہ کر دیا ہے۔ مختلف ہوٹلز مفت واٹرپارک ٹکٹس، ایکوا ایروبکس اور یوگا سیشنز سمیت متنوع سرگرمیوں کی پیشکش کر رہے ہیں تاکہ مقامی رہائشیوں کو قیام کے لیے راغب کیا جا سکے۔
شارجہ کے ایک ہوٹل نے صبح کے اوقات میں ساحل کھولنے کے اوقات کو ایڈجسٹ کر کے مہمانوں کو سورج طلوع ہونے کے لمحات سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کیا ہے۔ بحی اجمان پیلس ہوٹل اور کورال بیچ ریزورٹ شارجہ کے ایریا جنرل مینیجر افتخار حمدانی کے مطابق ہوٹل میں روزانہ ایکوا ایروبکس اور یوگا سیشنز کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے تاکہ فٹنس اور ذہنی سکون کو فروغ دیا جا سکے۔
افتخار حمدانی نے بتایا کہ خاندانی مہمانوں کے تجربات کو بہتر بنانے کے لیے ہوٹل نے لائیو کُکنگ اسٹیشنز، اور باغیچوں میں مور اور خرگوش شامل کیے ہیں۔ ان اقدامات کے نتیجے میں ہوٹل کی مصروفیت گزشتہ سال کے مقابلے میں واضح طور پر بڑھی ہے۔
دوسری جانب سنٹرل ہوٹلز اینڈ ریزورٹس نے اپنے تمام کمروں کو اپگریڈ کر دیا ہے، نئی ڈائننگ وینیوز متعارف کرائی ہیں اور ایک مکمل خودکار اِن روم گیسٹ ایکسپیرینس سسٹم شامل کیا ہے۔ ادارے کے چیف آپریٹنگ آفیسر عبداللہ احمد علی الانصاری کے مطابق تمام ریسٹورنٹ مینیو اور ادائیگی کے نظام جلد ہی کیو آر کوڈز پر منتقل کر دیے جائیں گے۔ آئندہ سیزن کے لیے ہوٹل میں لائیو ڈی جے اور دیگر تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
کیمپنکسی ہوٹلز نے بھی 1 اگست سے 30 ستمبر 2025 تک اپنے وفادار ممبران کے لیے "ڈبل ڈسکوری ڈالر” پروموشن کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت براہ راست بکنگ پر مہمان دوگنا D\$ حاصل کر سکیں گے۔ یہ پروموشن گلوبل ہوٹل الائنس کے پورٹ فولیو میں شامل 850 سے زائد ہوٹلز پر دستیاب ہو گی۔
ریکسوس پریمیئم دبئی نے اعلان کیا ہے کہ وہ تین راتیں یا اس سے زائد قیام کرنے والے مہمانوں کو دنیا کے سب سے بڑے واٹرپارک "اٹلانٹس” کے ٹکٹس فراہم کرے گا تاکہ وہ سنسنی خیز تفریح سے لطف اندوز ہو سکیں۔
جے اے ریزورٹس اینڈ ہوٹلز نے فیملیز کے لیے خاص "اسٹے کیشن” پروگرام متعارف کرایا ہے جس میں ہر مہمان کو چیک ان کے وقت ایک پرسنلائزڈ بورڈنگ پاس ویلکم کارڈ اور "جے اے پاسپورٹ” فراہم کیا جائے گا۔ مہمان ہر سرگرمی مکمل کرنے پر اسٹیمپ حاصل کر سکیں گے، جو مختلف انعامات جیتنے اور مالدیپ کے جے اے منافارو میں آل ایکسپینس پیڈ فیملی ٹرپ کے قرعہ اندازی میں شرکت کا موقع دے گا۔







