خلیج اردو: یو اے ای کے مرکزی بینک (CBUAE) نے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ جلد ہی ملکی اور بین الاقوامی ادائیگیوں کے لیے مرکزی بینک ڈیجیٹل کرنسی (CBDC) نامی ڈیجیٹل درہم جاری کرے گا۔
یہ اقدام CBUAE کے ‘فنانشل انفراسٹرکچر ٹرانسفارمیشن پروگرام’ کا حصہ ہے جس میں 9 اقدامات شامل ہیں جن کا مقصد ڈیجیٹل تبدیلی کو تیز کرنا ہے۔
پروجیکٹ کے پہلے مرحلے میں ڈیجیٹل پیمنٹ کے بیسک سٹرکچر اور سروس کی تخلیق شامل ہے، جس میں بین الاقوامی اور مقامی استعمال کے لیے ڈیجیٹل درہم جاری کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ یہ اقدام مالی شمولیت کو بہتر بنائے گا، ادائیگی کی حفاظت اور کارکردگی میں اضافہ کرے گا، اور بالآخر ایک کیش لیس معاشرے کی طرف چلا جائے گا۔
یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب دوسرے ممالک نے بھی ڈیجیٹل کرنسیوں کے لیے اپنے منصوبوں کا انکشاف کیا۔ پچھلے ہفتے، بینک آف انگلینڈ نے ڈیجیٹل پاؤنڈ کے منصوبوں کا اعلان کیا۔
اس کے علاوہ، دبئی نے حال ہی میں کرپٹو کرنسی سیکٹر کے لیے جامع قوانین کا اعلان کیا ہے۔ ان ضوابط میں کرپٹو کمپنیوں کے لیے لائسنسنگ نظام اور گمنام کرپٹو کرنسیوں پر پابندی شامل ہے۔