خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے ساحلی علاقوں میں جمعرات 5 فروری کو درجۂ حرارت میں کمی متوقع ہے، جبکہ کئی علاقوں میں صبح کے وقت دھند چھائی رہی۔ نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے مطابق موسم کی صورتحال کے پیش نظر ریڈ اور ییلو الرٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کم حدِ نگاہ کے باعث ڈرائیونگ اور غیر ضروری باہر نکلنے میں احتیاط برتیں۔ دھند کا الرٹ جمعرات صبح 9:30 بجے تک نافذ رہے گا۔
مجموعی طور پر درجۂ حرارت 15 سے 29 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ ابو ظہبی اور دبئی میں کم سے کم درجۂ حرارت 16 ڈگری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بدھ کی صبح سب سے کم درجۂ حرارت العین کے علاقے رکنہ میں 6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
جمعرات کو بعض شمالی اور مشرقی علاقوں میں آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ رات اور جمعہ کی صبح ساحلی اور اندرونی علاقوں میں نمی بڑھنے اور ہلکی دھند بننے کا امکان ہے۔
ہوائیں شمال مغربی سے شمال مشرقی سمت میں ہلکی سے معتدل رفتار سے چلیں گی، جن کی رفتار 10 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ بعض اوقات 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
عرب خلیج میں سمندر ابتدا میں طوفانی رہے گا جو بعد ازاں معتدل سے ہلکا ہو جائے گا، جبکہ خلیج عمان میں سمندر ہلکا سے معتدل رہے گا۔







