متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات میں اس موسمِ سرما کی اب تک کی سرد ترین راتوں نے شہریوں کے ویک اینڈ منصوبوں کا رخ کھلی فضا اور قدرتی مقامات کی جانب موڑ دیا ہے۔

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں اس موسمِ سرما کی اب تک کی سرد ترین راتوں نے شہریوں کے ویک اینڈ منصوبوں کا رخ کھلی فضا اور قدرتی مقامات کی جانب موڑ دیا ہے۔

ملک کے مختلف حصوں میں حالیہ دنوں کے دوران درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے، جبکہ بلند پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت صفر کے قریب ریکارڈ کیا گیا۔ شہری سوشل میڈیا پر موسم کی تصاویر اور سردی کی شدت کے حوالے سے پوسٹس بھی شیئر کر رہے ہیں۔

ابوظبی کے علاقے سویحان میں ایک فارم ہاؤس پر ویک اینڈ گزارنے کا ارادہ رکھنے والے اماراتی شہری عبدالرحمن الشیزاوی کا کہنا ہے، "یہ موسم ہمارے لیے بہترین ہے، ہم آگ جلاتے ہیں، باہر بیٹھتے ہیں اور خاندان کے ساتھ وقت گزارتے ہیں، ہم پورا سال ان چند ہفتوں کا انتظار کرتے ہیں”۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی یہ لہر آئندہ چند دنوں تک برقرار رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث شہریوں نے پہاڑی علاقوں، فارم اسٹیز، صحرائی کیمپنگ اور ہائیکنگ جیسے منصوبوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

حتہ میں فارم ہاؤس رکھنے والے ایک اور اماراتی شہری علی الکندی کے مطابق، "حتہ میں شام کے وقت شہر کے مقابلے میں زیادہ سردی ہوتی ہے، ہم دیر تک باہر رہتے ہیں، باربی کیو کرتے ہیں اور سکون سے وقت گزارتے ہیں”۔

غیر ملکی مقیم افراد بھی موسم کو مدِنظر رکھتے ہوئے ویک اینڈ کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ القوز میں کام کرنے والے ایونٹ اسپیشلسٹ جارج کالَتھِل کے مطابق وہ اپنے دوستوں کے ساتھ صحرائی کیمپنگ کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا، "درجہ حرارت میں کمی نے اس ویک اینڈ کو اوور نائٹ کیمپنگ کے لیے بالکل موزوں بنا دیا ہے”۔

ایڈونچر اور ہائیکنگ کے شوقین افراد بھی سرد موسم سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ جبل یبیر کے قریب ہائیکنگ کا ارادہ رکھنے والے ٹام رئیس کا کہنا ہے، "ٹھنڈی، غیر مرطوب فضا ہائیکنگ کے لیے بہترین ہے، جبکہ صبح کے وقت پہاڑوں پر چھایا کہر کا منظر ناقابلِ یقین ہوتا ہے”۔

ماہرین کے مطابق یہ موسم نہ صرف بیرونی سرگرمیوں کے لیے موزوں ہے بلکہ شہریوں کو شہری مصروفیات سے نکل کر فطرت کے قریب وقت گزارنے کا بہترین موقع بھی فراہم کر رہا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button