
خلیج اردو
دبئی کے علاقے القوز میں آرٹس اور تخلیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے ایک آرٹسٹک ڈیزائن پر مشتمل پیدل اور سائیکلنگ پل عوام کے لیے کھول دیا ہے۔
آر ٹی اے کے مطابق 45 میٹر طویل اس پل کو دیواروں پر بنے خوبصورت میورلز سے مزین کیا گیا ہے، جو القوز کری ایٹو زون کی شناخت اور ماحول سے ہم آہنگ ہے۔ پل کی چوڑائی 5.5 میٹر جبکہ اونچائی 6 میٹر ہے، اور اس میں دو رسائی ریمپس شامل ہیں جن کی لمبائی 210 میٹر ہے۔
اسی منصوبے کے تحت القوز میں پیدل چلنے والوں، سائیکل سواروں اور سافٹ موبلٹی کے لیے مجموعی طور پر 4 کلومیٹر طویل مخصوص ٹریکس بھی تعمیر کیے گئے ہیں، جبکہ تین مربوط موبلٹی ہبز بھی قائم کیے گئے ہیں۔
آر ٹی اے کا کہنا ہے کہ یہ منصوبے القوز کری ایٹو زون، آن پاسِو میٹرو اسٹیشن اور القوز بس اسٹیشن کے درمیان بہتر رابطے اور مربوط ٹرانسپورٹ نظام کو فروغ دیں گے۔
آر ٹی اے کے مطابق القوز کری ایٹو زون ایک مکمل ماحولیاتی نظام فراہم کرتا ہے جو ڈیزائن، پروڈکشن، نمائش اور مارکیٹنگ سمیت تخلیقی عمل کے تمام مراحل کو سہارا دیتا ہے، جبکہ یہاں سستی رہائش اور کام کے مواقع بھی دستیاب ہیں۔
منصوبے کے تحت بعض سڑکوں کو تقریبات کے دوران عارضی طور پر پیدل شہری مقامات میں تبدیل کیا جا سکے گا۔ ان میں القوز آرٹس فیسٹیول بھی شامل ہے جو 24 اور 25 جنوری کو السركال ایونیو میں دبئی کلچر کے اشتراک سے منعقد ہو گا۔
آر ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل مطر الطائر کے مطابق یہ منصوبے نجی گاڑیوں پر انحصار کم کرنے، ماحول دوست سفری ذرائع کو فروغ دینے اور 20 منٹ سٹی تصور کو آگے بڑھانے میں مدد دیں گے۔
دبئی کلچر کی ڈائریکٹر جنرل ہالہ بدری کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات القوز کری ایٹو زون کی کشش میں اضافہ کریں گے اور نوجوان تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
یہ منصوبہ نہ صرف شہری نقل و حرکت کو بہتر بنانے کی مثال ہے بلکہ دبئی کو تخلیقی معیشت کا عالمی مرکز بنانے کے وژن کی عملی عکاسی بھی کرتا ہے۔







