خلیج اردو
دبئی: نیشنل سینٹر آف میٹیرولوجی (این سی ایم) نے ہفتہ 16 اگست 2025 کے لیے دھول بھری آندھی کی وارننگ جاری کی ہے۔ محکمے کے مطابق جنوب مشرقی سمت سے چلنے والی تیز ہوائیں 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچ سکتی ہیں، جس کے باعث اندرونی اور ساحلی علاقوں میں صبح 8 بجے سے شام 6 بجے کے دوران حدِ نگاہ 2 ہزار میٹر سے کم رہنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے ڈرائیوروں کو مشورہ دیا ہے کہ سڑکوں پر محتاط رہیں، رفتار کم رکھیں اور گاڑیوں کے درمیان محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔
اتوار کے لیے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ مشرقی اور جنوبی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور رات کے وقت ہلکی بارش کا امکان ہے۔ ہوائیں جنوب مشرقی سے شمال مشرقی سمت میں 10 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی جو بعض اوقات 35 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھ سکتی ہیں۔ عرب خلیج اور بحیرہ عمان دونوں میں سمندر پرسکون رہے گا۔







