خلیج اردو: متحدہ عرب امارات کے ایک اعلیٰ حکومتی عہدیدار کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات شرپسندی اور جارحیت کے آگے بالکل نہیں جھکے گا۔
متحدہ عرب امارات کے صدر کے سفارتی مشیر ڈاکٹر انور گرگاش نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ہمارا ملک امید کی کرن ہے جو سب کیلئے خیر و اچھائی پھیلاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی تاریخ اور ثقافت کی عکاسی کرنے اور تاریکی و دہشت گردی کی قوتوں کے خلاف ناقابل تسخیر قلعہ ہونے پر فخر ہے۔
یہ ٹویٹ متحدہ عرب امارات نے ابوظہبی پر داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو مار گرانے اور حوثی دہشت گرد گروپ کے یمن سے ہونیوالے حملے کے لیے استعمال ہونے والے لانچر کو تباہ کرنے کے بعد کیا گیا ہے۔
وزارت دفاع نے ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ F-16 طیاروں نے ابوظہبی کی طرف بیلسٹک میزائل داغنے کے فوراً بعد لانچر کو مار گرایا۔
متحدہ عرب امارات کے دفاعی نظام نے پیر کی صبح ابوظہبی پر داغے جانیوالے میزائلوں کو روک کر راستہ میں ہی تباہ کر دیا جسکے ٹکڑے ابوظہبی کے مختلف علاقوں میں گرے، تاہم، اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ایک بیان میں، وزارت خارجہ اور بین الاقوامی تعاون (MOFAIC) نے اس بات کی تصدیق کی کہ اس "پرتشدد کارروائی کو مکمل اور جامع ردعمل کے بغیر جانے نہیں دیا جا سکتا”۔
وزارت خارجہ نے ان حملوں کو "دہشت گرد حوثی ملیشیا کی طرف سے بین الاقوامی اور انسانی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک گھناؤنا جرم” قرار دیتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات "ان دہشت گردانہ حملوں اور اس طرح کی مجرمانہ کاروائیوں کے خلاف جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے”۔
یہ ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں حوثی دہشت گردوں کی جانب سے متحدہ عرب امارات پر کیا جانیوالا دوسرا حملہ ہے۔ گزشتہ ہفتے ابوظہبی میں دو شہری تنصیبات پر مشتبہ ڈرون حملوں میں تین افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوئے۔ اسی طرح آگ لگنے کے باعث مصفحہ میں ادنوک کے تین فیول ٹینکرز میں دھماکہ ہوا اور ابوظہبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے نئے تعمیراتی علاقے میں ایک اور معمولی آگ بھی بھڑک اٹھی تھی۔
ڈاکٹر گرگاش نے کہا کہ دہشت گردوں کو خطے کے استحکام سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
تازہ ترین حملے کے بعد، وزارت دفاع نے "کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے اپنی مکمل تیاری” کی تصدیق کی اور "متحدہ عرب امارات کو کسی بھی حملے سے بچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے” کے عزم کا اعادہ کیا۔
دنیا کے دیگر ممالک اور تنظیموں نے حوثیوں کے حملے کا کامیابی سے مقابلہ کرنے پر متحدہ عرب امارات کی دفاعی صلاحیتوں کو سراہا ہے۔ ساتھ ہی حوثیوں کی تازہ ترین کاروائی کی مذمت کرتے ہوئے، خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) نے بھی”اس حملے کا مقابلہ کرنے” پر متحدہ عرب امارات کی تعریف کی۔