متحدہ عرب امارات

اقوام متحدہ کی حتمی رپورٹ میں متحدہ عرب امارات کے خلاف کوئی الزام نہیں، اماراتی سفیر کا مؤقف

خلیج اردو
نیویارک: اقوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کے مستقل مندوب محمد ابو شہاب نے واضح کیا ہے کہ سوڈان کے حوالے سے اقوام متحدہ کی ماہرین کی پینل رپورٹ میں امارات کے خلاف "ایک بھی الزام شامل نہیں”۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ سوڈان کی افواج نے بارہا امارات پر "بے بنیاد الزامات” لگائے، لیکن اقوام متحدہ کی رپورٹ نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔

یاد رہے کہ سوڈانی حکومت نے متحدہ عرب امارات کے خلاف بین الاقوامی عدالت انصاف میں مقدمہ دائر کیا تھا، جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ امارات نے نیم فوجی گروپ ریپڈ سپورٹ فورسز کو اسلحہ فراہم کر کے نسل کشی کنونشن کی خلاف ورزی کی۔ تاہم، اماراتی سفارتکاروں نے ان الزامات کو "سیاسی ڈرامہ” قرار دیتے ہوئے ان کی تردید کی اور عدالت سے مقدمہ خارج کرنے کا مطالبہ کیا۔

اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے ذریعے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، سوڈان میں جاری خانہ جنگی کے دوران دونوں فریقین – سوڈانی فوج اور آر ایس ایف – نے عام شہریوں پر حملے، جنسی تشدد، اور امدادی سامان کو بطور ہتھیار استعمال کرنے جیسے سنگین جرائم کا ارتکاب کیا۔

سفیر محمد ابو شہاب نے کہا کہ سوڈان کی جانب سے اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی توجہ اپنی ذمہ داریوں سے ہٹانے کے لیے ان الزامات کا سہارا لیا جا رہا ہے، جن میں کیمیکل ہتھیاروں کے استعمال جیسے الزامات بھی شامل ہیں۔

امارات نے ایک بار پھر دونوں فریقین – سوڈانی افواج اور آر ایس ایف – سے خانہ جنگی ختم کرنے، مذاکرات شروع کرنے اور پورے سوڈان میں انسانی امداد کی رسائی ممکن بنانے کا مطالبہ دہرایا۔ اماراتی سفیر نے زور دیا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ ایک متحدہ سیاسی عمل کی حمایت کرے، جس کے نتیجے میں ایک ایسی حکومت قائم ہو جو فوجی اثر و رسوخ سے آزاد اور عوامی نمائندہ ہو۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button