خلیج اردو: یو اے ای میں سناروں نے گولڈ جیولری خریدنے والوں کو حیرت انگیز آفر کردی ہے۔
مہنگائی اور گولڈ کی بڑھتی قیمتوں کیوجہ سے متحدہ عرب امارات میں طلائی زیورات قسطوں پر فروخت کے لیے پیش کر دیے گئے ہیں۔
یو اے ای میں گولڈ کے تاجروں کا کہنا ہے کہ قسطوں پر زیورات کا سودا فریقین کےدرمیان اتفاق رائے سے کیا جا رہا ہے جس میں تین چیزیں پیش نظر رکھی جا رہی ہیں۔
ان میں پہلی شرط سودے کے وقت سونے کی قیمت
دوسرا ادائیگی کے حوالے سے ضمانت
تیسری شرط یہ کہ تمام قسطیں ادا کرنے کے بعد صورتحال کیا ہوگی؟
اس حوالے سے سونے کا کاروبار کرنے والے تاجروں کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے کاروبار کو بری طرح متاثر کیا ہے جس کی وجہ سے تاجروں نے یہ قدم اٹھایا ہے اور امید ہے کہ قسطوں پر زیورات کی پیشکش سے سونے کی خریداری میں اضافہ ہوگا۔
ایک صراف احمد رضا نے کہا کہ ان دنوں امارات کی گولڈ مارکیٹ میں دکانداروں کے درمیان مقابلہ کی فضا ہے اور ماہانہ قسطوں پر زیورات فروخت کرنے کی پیشکشیں اسی کا نتیجہ ہے جب کہ ایک اور تاجر ابراہیم یاسر کا کہنا ہے کہ بعض خاندان بچت یا نمود و نمائش کی غرض سے زیورات خریدتے رہتے ہیں لہذا ایسے خاندانوں کے لیے قسطوں پر سودا مناسب حل ہے۔