خلیج اردو 30 دسمبر 2021
لاہور:کہتے ہیں انسان محنت اور لگن سے ناممکن کو بھی ممکن بنادیتا ہے۔ کچھ ایسا ہی کیا کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور کی ایک طالبہ نور الصباح نے جنہوں نے یونیورسٹی کی ڈیڑھ سو سال سے زائد کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 23 میڈلز حاصل کر کے ایک باب رقم کر دیا۔
اپنی مڈیکل کی تعلیم مکمل کرنے والی نور الصباح نے مجمموعی طور پر 13 گولڈ میڈلز اور گیارہ سلور میڈلز حاصل کئے۔نور الصباح کے مطابق اپنے ایم بی بی ایس کی پانچ سالہ تعلیم کے دوران صرف فورتھ ایئر میں وہ میڈیل نہ جیت پائی اس کے علاوہ باقی کے تمام سالوں میں انہوں نے ٹاپ کیا۔نور الصباح کو مخلتف مضامین میں ٹاپ کرنے پر بھی میڈلز دیئے گئے۔
میڈیکل کی تعلیم کے حوالےسے ڈاکٹر نور الصباح نے کہا کہ چونکہ انکی والدہ بھی ایک ڈاکتر ہیں تو ان کو بچپن سے ہی طبی شعبے سے لگاو رہا ہے۔وہ میڈیکل کے مخلتف شعبوں میں اکثر پڑھا کرتی تھیں۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے بارہویں تک کوئی پوزیشن حاصل نہیں کی لیکن میڈیکل کا ٹیسٹ ٹاپ کرنے کے بعد پھر پیچھے موڑ کر نہیں دیکھا اور کامیابی کے جھنڈے گاڑے۔
حیرت انگیز بات یہ ہے کہ ڈاکٹر نور الصباح جتنی پڑھائی میں تیز ہیں اتنا ہی وہ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی رہیں ہیں۔ڈاکٹر نور الصباح کہتی ہیں کہ وہ یونیورسٹی میں ہونے والی تقریری مقابلوں میں شرکت کے ساتھ ایف ایم شوز اور ڈرامیٹک سوسائٹیز کے ڈراموں میں اداکاری بھی کرچکی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وہ عام دنوں میں گھر پر صرف چار گھنٹے پڑھتی تھیں۔انہوں نے ایک ٹائم ٹیبل بنا رکھا تھا جس کے مطابق وہ اپنی پڑھائی کرتی تھیں۔
اپنے مستقبل کے ارادوں کے بارےمیں ڈاکٹر نور الصباح نے بتایا کہ وہ بیرون ملک جاکر اپنی تعلیم کو آگے بڑھانا چاہتی ہیں اور مڈیسن کی دنیا میں اپنا مقام بنانا چاہتی ہیں۔
اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے ڈاکٹر نور الصباح نے بتایا کہ انکا نکاح ہوچکا ہے لیکن ابھی رخصتی نہیں ہوئی جس سے ان کو اپنی تعلیم کو آگے بڑھانے کا موقع ملا۔انہوں نے اپنے شوہر اور انکے گھر والوں کے حوالےسے بتایا کہ انہوں نے کبھی بھی انکے خوابوں کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈالیں بلکہ ہمیشہ انکا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
ڈاکٹر نور الصباح کہتی ہیں کہ اگر کوئی انکی کہانی سے متاثر ہو کر اپنے خوابوں کو پورا کرتا ہے تو یہ انکے لئے اعزاز کی بات ہوگی۔