
خلیج اردو
اگر آپ متحدہ عرب امارات سے اس موسمِ گرما میں یورپ کا سفر کرنا چاہتے ہیں تو مونٹی نیگرو نے بعض یو اے ای رہائشیوں کے لیے عارضی طور پر ویزا فری داخلے کی سہولت فراہم کردی ہے۔
تاہم سفر سے پہلے ایک اہم بات سمجھنا ضروری ہے کہ مونٹی نیگرو میں داخلے کا فیصلہ آپ کے پاسپورٹ کی قومیت اور آپ کی رہائشی حیثیت کی بنیاد پر ہوتا ہے صرف Emirates ID یا یو اے ای کا رہائشی ویزا کافی نہیں۔
اماراتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے کیا شرط ہے؟
اماراتی شہری درست پاسپورٹ کے ساتھ مونٹی نیگرو میں 90 دن تک بغیر ویزا قیام کرسکتے ہیں۔
تاہم بارڈر حکام رہائش کا ثبوت ہوٹل بکنگ یا رہائش کی تفصیلات واپسی یا آگے کے سفر کا ٹکٹ اور قیام کے اخراجات کے لیے کافی رقم کا ثبوت طلب کرسکتے ہیں۔
پاسپورٹ بھی متوقع روانگی کے بعد کم از کم تین ماہ تک کارآمد ہونا چاہیے۔
یو اے ای میں رہنے والے غیر ملکیوں کے لیے کیا صورتحال ہے؟
ایکسپیٹس کے لیے قوانین ان کے پاسپورٹ کی قومیت کے مطابق مختلف ہیں۔
صرف یو اے ای کا رہائشی ویزا یا Emirates ID رکھنے سے مونٹی نیگرو میں خود بخود ویزا فری داخلے کا حق نہیں ملتا۔
اگر کسی ملک کے شہری پہلے ہی مونٹی نیگرو کے قوانین کے تحت ویزا فری داخلے کے اہل ہیں تو وہ اپنی قومیت کے مطابق ان ہی قوانین کے تحت سفر کرسکتے ہیں۔
اسی طرح جن افراد کے پاس درست Multiple-Entry Schengen، برطانیہ یا امریکا کا ویزا یا رہائشی اجازت نامہ موجود ہے وہ بھی بعض صورتوں میں الگ مونٹی نیگرو ویزا لیے بغیر مختصر مدت کے لیے داخل ہوسکتے ہیں۔ عام طور پر یہ قیام 30 دن تک ہوسکتا ہے۔
اگر ان میں سے کوئی شرط پوری نہیں ہوتی تو عام طور پر سفر سے پہلے ابوظبی میں مونٹی نیگرو کے سفارتخانے سے ویزا حاصل کرنا ہوگا۔
یو اے ای رہائشیوں کے لیے نئی 10 روزہ ویزا فری سہولت
2026 میں متعارف کرائی گئی عارضی اسکیم کے تحت اہل غیر ملکی یو اے ای رہائشی 1 مئی سے یکم اکتوبر 2026 تک مونٹی نیگرو میں بغیر ویزا داخل ہوسکتے ہیں۔
اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے مسافر کو:
- کم از کم تین سال سے مسلسل یو اے ای کا رہائشی ہونا چاہیے
- یو اے ای سے مونٹی نیگرو کے لیے براہِ راست پرواز لینی ہوگی
- پورے قیام کے دوران کارآمد پاسپورٹ رکھنا ہوگا
- تصدیق شدہ ہوٹل بکنگ یا ٹور پیکیج پیش کرنا ہوگا
- واپسی کا ٹکٹ ساتھ رکھنا ہوگا
اہم بات یہ ہے کہ یہ سہولت Visa on Arrival نہیں ہے بلکہ مخصوص شرائط پوری کرنے والے یو اے ای رہائشیوں کے لیے عارضی ویزا استثنیٰ ہے۔
اس اسکیم کے تحت قیام کی زیادہ سے زیادہ مدت 10 دن ہے اور اسے بڑھایا نہیں جاسکتا۔
اگر مسافر یو اے ای سے مونٹی نیگرو جانے کے بجائے کسی تیسرے ملک کے ذریعے سفر کرتا ہے تو وہ اس مخصوص ویزا فری سہولت کے لیے اہل نہیں ہوگا اور پھر مونٹی نیگرو کے عام ویزا قوانین لاگو ہوں گے۔
مونٹی نیگرو پہنچنے کے بعد بھی یہ کام ضروری ہے
مونٹی نیگرو پہنچنے کے بعد غیر ملکی مسافروں کو عام طور پر 24 گھنٹے کے اندر مقامی حکام کے پاس رجسٹریشن کرانا ہوتی ہے۔
ہوٹل یا لائسنس یافتہ رہائش گاہ میں قیام کرنے والے افراد کی رجسٹریشن عموماً ہوٹل یا رہائش فراہم کرنے والا ادارہ خود کر دیتا ہے۔
تاہم پرائیویٹ اپارٹمنٹ یا Airbnb میں رہنے والے مسافروں کو خود رجسٹریشن کرانے یا میزبان سے یہ کام کروانے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔







